واسا نے نااہلی کی تمام حدیں پار کرلیں، شہری عیدالاضحیٰ پر بھی پانی سے محروم

June 17, 2024

حیدرآباد (بیورو رپورٹ) ادارہ ترقیات حیدرآباد کے ذیلی شعبہ واسا کے افسران نے اپنی نااہلی اور بے حسی کی تمام حدیں پار کردیں،حیدرآباد کے لاکھوں شہری عیدالاضحی پر بھی پینے کے پانی سے محروم ہیں اور شہریوں کے احتجاج کے باوجود حکومت سندھ کے نور نظر نا اہل افسران کئی سال سے اپنی سیٹوں پر براجمان ہیں، جنہوں نے عوام کو اذیت سے دوچار کر رکھا ہے،واسا افسران کی سرپرستی میں مختلف علاقوں میں موجود اسٹوریج واٹر ٹینکس سے پانی کی فروخت جاری ہے اورغریب شہری مہنگے داموں پانی خریدکر اپنی ضروریات پوری کرنے پر مجبور ہیں، تفصیلات کے مطابق واسا انتظامیہ کے افسران نے عید الاضحی کے موقع پر بھی اپنی روایتی بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حیدرآباد سٹی، لطیف آباد اور قاسم آباد کے مکینوں کو پینے کے پانی سے محروم کردیا ہے اور گذشتہ 15دن سے مختلف علاقوں میں پینے کے پانی کا شدید بحران ہے جبکہ عید الاضحی کے تینوں ایام میں پانی کی ضروریات میں اضافہ ہوجاتا ہے اورہر گھر میں قربانی کے بعد صفائی ستھرائی کےلئے پانی کی ا شد ضرورت ہو تی ہے ،لیکن اس اہم مذہبی تہوار کے موقع پر پانی بند کرکے یہ تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ادارہ ترقیات حیدرآباد اور واسا میں بیٹھے افسران کا مذہبی تہواروں سے کوئی تعلق نہیں ہے ،شہریوں کا کہنا ہے کہ واسا افسران نے عیدالاضحی کے موقع پر پانی بند کرکے محرم الحرام سے قبل ہی یزید کی یاد تازہ کردی ہے ،شہریوں کو کئی کئی دن پانی سے محروم رکھا جاتا ہے اور اگر کبھی پانی آتا بھی ہے تو وہ گٹر لائنوں سے ملا انتہائی بدبودار پانی ہو تا ہے جوکہ انسان تو کیا جانوروں کے پینے کے بھی قابل نہیں ہوتا ۔