وزیراعظم شہباز شریف اور ملائیشین ہم منصب کا غزہ میں مستقل جنگ بندی کوششیں تیز کرنے پر اتفاق

June 17, 2024

وزیراعظم شہباز شریف اور ملائیشین ہم منصب انور ابراہیم نے غزہ میں مستقل جنگ بندی کی کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کرلیا۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشین وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں عیدالاضحیٰ کی مبارک باد دی۔

دوران گفتگو شہباز شریف نے ملائیشین عوام اور امت مسلمہ کی خوشحالی اور ترقی کےلیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے اہل فلسطین سے متعلق ملائیشیا کے مستقل اصولی مؤقف کو سراہا اور غزہ میں مستقل جنگ بندی کی کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا۔

دوران گفتگو دونوں ممالک کی قیادت نے فلسطینیوں کو ضروری امداد کی فراہمی یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

اس موقع پر شہباز شریف نے دوطرفہ تعلقات کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور ملائیشین ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جو انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کرلی۔