غزہ میں 50 اسرائیلی قیدی زندہ ہیں، امریکی اہلکار

June 21, 2024

کراچی(نیوز ڈیسک)ایک باخبر امریکی اہلکار نےغزہ میں مرنے والے اسرائیلی یرغمالیوں کی تعداد زیادہ ہونے کی نشاندہی کی ہے،ان کا کہنا ہے کہ غزہ میں موجود 50اسرائیلی قیدی زندہ ہیں ۔اسرائیلی فوج کے سابقہ اندازوں کے مطابق، سات اکتوبر سے غزہ کی پٹی میں 116اسرائیلی یرغمالیوں میں سے 25سے زیادہ مرچکے ہیں۔ خیال رہے کہ سات اکتوبر کو حماس کے زیرقیادت حملے میں 250قیدیوں میں سے 116غزہ کے اندر ہیں، جن میں بہت سے ایسے ہیں جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ مر چکے ہیں۔امریکی روزنامے وال سٹریٹ جرنل میں گزشتہ روز شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق، قیدیوں سے متعلق بات چیت میں کچھ ثالثوں اور تازہ ترین امریکی انٹیلی جنس معلومات سے واقف ایک امریکی اہلکار نے انکشاف کیا کہ اب بھی زندہ اسرائیلی قیدیوں کی تعداد 50 تک ہو سکتی ہے۔اس کا مطلب یہ ہے کہ 66 قیدیوں کی موت ہو گئی ہے۔ امریکی انٹیلی جنس، اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر اور اسرائیلی فوج نے اس پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے ۔تاہم قبل ازیں حماس نے ثالثوں مصر اور قطر کو آگاہ کیا تھا وہ نہیں جانتےکہ غزہ کے اندر کتنے یرغمالی اب بھی زندہ ہیں۔