معروف خواجہ سرا رقاصہ مہک ملک کو کب پتہ لگا کہ ان میں زنانہ روح موجود ہے؟

June 21, 2024

اسکرین گریب بشکریہ جیو نیوز

پاکستان کی نامور، خواجہ سرا رقاصہ مہک ملک نے اپنی ماضی کی تلخ زندگی سے پردہ اٹھایا ہے۔

پنجاب کے شہر ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بطور لڑکا پیدا ہونے والی رقاصہ، مہک ملک نے جیو نیوز کے پروگرام ’ایک دن جیو کے ساتھ‘ کیعید اسپیشل ایپی سوڈ میں مشہور صحافی سہیل وڑائچ کو انٹرویو دیا ہے۔

اس دوران مہک ملک نے اپنا ابتدائی نام بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا انشاء اللہ میں جَلد بتاؤں گی کہ میرا بطور لڑکا پہلا نام کیا تھا۔


مہک ملک کا بتانا تھا کہ جب میں تعلیم حاصل کر رہی تھی تو آس پاس کے طالبِ علموں اور گھر والوں نے احساس دلایا کہ میں اُن سے مختلف ہوں، اس پر مجھے احساس ہوا کہ میرے اندر ایک زنانہ روح موجود ہے۔

مشہور رقاصہ کا بتانا تھا کہ ابتدائی زندگی بہت مشکل تھی، مختلف ہونے کے سبب لوگوں سے مار تک کھائی ہے اور بال تک کٹوائے ہیں، اس پر بھی میں نے صبر ہی کیا اور اللّٰہ کے سامنے دہائیاں دیں کہ یہ میرے ساتھ کیا اور کیوں ہو رہا ہے۔


لڑکے سے اپنی جنس لڑکی میں تبدیل کروانے سے متعلق سوال کے جواب میں مہک ملک کا بتانا تھا کہ یہ اسلام اور ہمارے ملک میں جائز عمل نہیں ہے مگر پھر بھی بہت سے ناجائز کام ہو رہے ہیں اور ہم کر رہے ہوتے ہیں۔

مہک کا کہنا تھا کہ گھر والے ناراض تھے، گھر والوں کو میرا جنس کی تبدیلی اور رقص کے شعبے میں آنے کا فیصلہ پسند نہیں تھا، وہ تسلیم نہیں کر رہے تھے، گھر کے حالات خراب تھے میرے سامنے یہی ایک رستہ تھا، مگر اب گھر والوں نے تسلیم کر لیا ہے۔


مہک ملک نے انٹرویو کے دوران اپنی کمائی سے متعلق بھی بات کی، اُن کا کہنا تھا کہ میں سارا پیسہ خود گھر نہیں لے آتی ہوں سب کا اس معاوضے میں حصہ ہوتا ہے۔