عوام کو دبانے کے انگریزوں کے ہتھکنڈے پرانے ہوچکے، حافظ نعیم الرحمان

June 23, 2024

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ دفعہ 144 سے عوام کو دبانے کے انگریزوں کے ہتھکنڈے پرانے ہوچکے ہیں۔

جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ لاہور میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں کے ہمراہ حافظ نعیم نے میڈیا سے گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے حقوق کے لیے قومی تحریک مزاحمت کا آغاز کردیا ہے، دفعہ 144 سے عوام کو دبانے کے انگریزوں کے ہتھکنڈے پرانے ہوچکے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ مہنگی بجلی، طویل لوڈشیڈنگ اور عوام دشمن بجٹ کے خلاف آج ملک گیر مظاہرے ہوں گے، روٹھنے منانے کی ڈرامے بازیوں کو عوام خوب سمجھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور عوام کو ٹیکسوں کے بوجھ تلے مزید نہ دبائے، ہمیں معلوم ہے ڈاکٹرز کے بہت سارے ایشوز ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے یہ بھی کہا کہ 10 سے 12 ہزار ڈاکٹرز ایڈہاک پر کام کررہے ہیں اور آپ انہیں فارغ کرتے چلے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کو آپ دہاڑی دار بنا کر کہہ رہے ہیں کام کریں، آپ کو شرم آنی چاہیے، وائے ڈی اے کے جائز مطالبات کی حمایت کرتا ہوں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پروفیسرز اور سینئرز ڈاکٹرز کی گرفتاری پر وزیراعلیٰ کو معافی مانگنی چاہیے، جماعت اسلامی لوگوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے کہ سنجیدگی سے مذاکرات کرے یہ پورے ہیلتھ سیکٹر کا معاملہ ہے، ساہیوال واقعہ کی مکمل انکوائری ہونی چاہیے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ فارم 47 والی حکومت قانونی نہیں لیکن پھر بھی ہم اس سے بات کریں گے۔