چاندی کے مندر میں سونے کی مورتی: آننت امبانی رادھیکا مرچنٹ کی شادی کا غیر معمولی دعوت نامہ وائرل

June 27, 2024


ایشیا اور بھارت کی سب سے امیر ترین شخصیت مکیش امبانی کے سب سے چھوٹے بیٹے آننت امبانی کی شادی ہو اور پرتعیش انداز میں نہ ہو ایسا کیسے ہو سکتا ہے۔

مکیش اور نیتا امبانی کے سب سے چھوٹے بیٹے آننت امبانی کی باقاعدہ شادی کی تقریبات کا آغاز 29 جون کو امبانی خاندان کی ممبئی رہائش گاہ، اینٹیلیا میں ایک پوجا پر مبنی تقریب کے ساتھ ہوگا۔

آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی 12 جولائی کو ممبئی کے جیو ورلڈ کنونشن سینٹر میں ہوگی۔

یاد رہے کہ شادی کے سلسلے میں امبانی خاندان نے پہلے بھارت کے گاؤں جام نگر میں تین روزہ پری ویڈنگ جشن کا انعقاد کیا تھا جس میں دنیا کی امیر ترین اور معروف شخصیات نے شرکت اور نامور فنکاروں نے پرفارم کیا تھا۔

بعد ازاں امبانی خاندان نے ایک عظیم الشان کروز پارٹی کی میزبانی کی تھی جو 29 مئی کو اٹلی میں شروع اور 1 جون کو فرانس میں اختتام پذیر ہوئی تھی۔

اس تقریب میں کیٹی پیری، بیک اسٹریٹ بوائز اور دیگر نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا تھا۔

اب گزشتہ روز سے آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کا دعوت نامہ وائرل ہے جسے سونے اور چاندی سے بنایا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا ’لائیو منٹ‘ کے مطابق آننت اور رادھیکا کی شادی کے دعوت نامے میں چاندی کا مندر اور اُس میں سونے سے بنی مختلف ہندو دیوتاؤں کی مورتیاں شامل ہیں۔

یہی نہیں شادی کے دعوت نامے کے باکس کو کھولنے پر اس کے پس منظر میں ہندی منتر گونجتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس شادی کارڈ کے ساتھ دیگر تحائف بھی شامل ہیں جن میں تقریبات کی تفصیلات پر مبنی کارڈز بھی موجود ہیں۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ شادی کی باقاعدہ تقریبات کا آغاز 12 جولائی بروز جمعہ کو شبھ ویواہ یا شادی کی تقریب سے ہوگا۔

اس کے بعد 13 جولائی کو شبھ آشیرواد، نعمتوں کے شکرانے کی تقریب منعقد ہوگی۔

بعد ازاں 14 جولائی کو منگل اتسو یعنی کہ شادی کے استقبالیے کے ساتھ تقریبات کا اختتام ہو جائے گا۔