بھارتی صنعت کار رتن ٹاٹا کی آوارہ کتے کیلئے خون کے عطیے کی اپیل

June 27, 2024

تصویر بشکریہ بھارتی میڈیا

بھارت کے معروف اور امیر ترین صنعت کار رتن ٹاٹا نے آوارہ کتے کے لیے خون کے عطیے کی اپیل کردی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ٹاٹا گروپ کے چیئرمین رتن ٹاٹا نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر اس حوالے سے فوری مدد کی درخواست کی۔

انہوں نے ممبئی کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ممبئی کے جانوروں کے اسپتال میں داخل کتے کے لیے خون کا عطیہ دینے والے کی تلاش کریں۔

اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں رتن ٹاٹا نے بتایا کہ 7 ماہ کے کتے کو بخار ہے اور اسے خون کی بھی شدید کمی ہے۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں بیمار کتے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے خون کے عطیے کی فوری ضرورت پر زور دیا اور لکھا کہ ممبئی مجھے آپ کی مدد کی ضرورت ہے۔


بھارتی میڈیا کے مطابق رتن ٹاٹا جانوروں خصوصاً کتوں سے بہت محبت کرتے ہیں، وہ اکثر کتوں کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہیں اور ان کے حقوق کے لیے آواز بھی اٹھاتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ٹاٹا ٹرسٹس نے حال ہی میں ممبئی میں ملک کے پہلے جدید ترین چھوٹے جانوروں کے اسپتال کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔