جلد کی حفاظت کے لیے مؤثر غذائیں

June 30, 2024

کہتے ہیں کہ ہم وہی نظر آتے ہیں، جو ہم کھاتے ہیں، یہ بات کچھ غلط بھی نہیں۔ ہم جو غذائیں کھاتے ہیں، ان کا ہماری صحت، شخصیت اور جلد پر گہرا اثر پڑتا ہے۔ ہرچند کہ، کئی خواتین اینٹی ایجنگ کریموں سے مطمئن ہوسکتی ہیں، تاہم ڈھلتی عمر کے اثرات کو اپنی جلد سے دور رکھنے کا دوسرا طریقہ، جو آسان اور فطری بھی ہے، یہ ہے کہ اپنی غذا اورلائف اسٹائل میں مثبت تبدیلیاں لائی جائیں۔

اس کی ایک عام فہم وجہ یہ بھی ہے کہ آپ جب تک اپنی جلد کے اندرونی ڈھانچے اور مدافعتی نظام کو بحال نہیں کریںگی، آپ اپنی جلد کو دیرپا تروتازہ اور جواں نہیںرکھ پائیںگی۔

جلد کیسے بوڑھی ہوتی ہے؟

اگر آپ اپنی جلد کو ہمیشہ جواں رکھنا چاہتی ہیں تو آپ کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ جلد کوکون کی چیزیں نقصان پہنچاتی ہیں اور کیوں آپ کی جلدوقت سے قبل ہی مرجھانے لگتی ہے؟ یاد رکھنے کی بات یہ ہے کہ یہ عوامل صرف آپ کی جلد پر ہی نہیں بلکہ آپ کے جسم کے دیگر عضو پر بھی اثرانداز ہوتے ہیں۔

کیا آپ نے کبھی اپنے ہائی اسکول کے دنوں اور موجودہ دور کی تصاویر میں موازنہ کیا ہے؟ ہم آپ کو ابھی جو بتانے والے ہیں، وہ آپ کو ان دو تصاویر کے درمیان آنے والے فرق کو سمجھادے گا۔

انسانی جلد کے دو اہم پروٹین کولاجن(Collagen) اور اِلاسٹن (Elastin)ہیں۔ عمر کے ساتھ یہ پروٹین سُست پڑجاتے ہیں، جس کے نتیجے میں آپ کے جسم کی اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات پر فری ریڈیکل مالیکیولز حاوی ہوجاتے ہیں۔فری ریڈیکل مالیکیولز آپ کی جلد میں موجود کولاجن اور اِلاسٹن پروٹین کے دشمن ہوتے ہیں اورجب یہ ان پر حاوی آجاتے ہیں تو آپ کی جلد کے خلیوں میں منفی تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں۔

زیادہ نقصان اس وقت ہوتا ہے، جب آپ کی جلد پر پڑنے والی سورج کی دھوپ کی الٹراوائلٹ (UV)شعاعیں، سگریٹ نوشی اور غیرصحت بخش غذائیں، فری ریڈیکل مالیکیولز کو مزید بڑھاوا دیتے ہیں۔ یہ ساری صورتحال، آپ کی جلد کو مزید کمزور اور خشک کرنے کے علاوہ آپ کی جلد پر موجود ’فائن لائنز‘ اور جھُریوں کو نمایاں بنانے میںکردار ادا کرتی ہے۔

جلد کے عمومی مسائل سے نمٹنے کے لیے ’ڈرمیٹالوجی‘ کا شعبہ تو موجود ہے، تاہم جلد کے مسائل سے غذا کے ذریعے کیسے نمٹا جائے، اس کے لیے Nutricosmeticsکا شعبہ تخلیق کیا گیا ہے، جہاں غذا اور غذائی سپلی منٹس کے جلد پر اثرات پر تحقیق کی جاتی ہے۔ Nutricosmetics کے شعبے میں ہونے والی تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ صحت مند غذا اور خصوصاً اس میں کچھ مخصوص غذائیں شامل کرنے سے بڑھتی عمر کے اثرات سے محفوظرہا جاسکتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ آپ کو تروتازہ، چمکدار اور جواں سال جلد حاصل کرنے کے لیے پلاسٹک سرجن کے پاس جانے کی ضرورت نہیںہے۔

وٹامن سی کا استعمال بڑھا دیں

وٹامن سی ایک زبردست اینٹی آکسیڈنٹ ہے، جو جلد میں موجود نقصان دہ فری ریڈیکل مالیکیولز کے خلاف لڑتا ہے۔ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ وٹامن سی کی حامل غذائیں استعمال کرنےسے جلد کے خلیے دوبارہ پیدا اور بحال ہوتے ہیں، جُھریاں کم ہوتی ہیں اور آپ کی جلد کو سورج کی دھوپ سے نکلنے والی الٹراوائلٹ (UV) شعاعوں سے محفوظ رکھتی ہیں۔

پھل اور سبزیاں، وٹامن سی کے حصول کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں۔ لال اور ہری مرچیں، گوبھی، سبزیوں کا رَس، اِسٹرابیری، تُرش پھل اور کیوی، ان سب کو وٹامن سی کا پاور ہاؤس کہا جاتا ہے۔

لینولیک ایسڈ (Linoleic Acid)کی اہمیت

انسانی جلد کو تروتازہ اور جواں سال رکھنے کے لیے جن مرکبات کی ضرورت ہوتی ہے، اس میں سب سے بڑا حصہ لینولیک ایسڈ کا ہوتا ہے۔ لینولیک ایسڈ، جلد میں موجود فیٹی ایسڈزکی ایک قسم ہے۔ امریکا میں چار ہزار خواتین پر ہونے والی ایک تحقیق میں ثابت ہوا کہ جن خواتین میں لینولیک ایسڈ مناسب مقدار میں موجود تھا، ان کی جلد زیادہ طویل عرصہ تک صحت مند رہی۔

یاد رکھنے والی بات: آپ کا جسم خودبخود لینولیک ایسڈ پیدا نہیں کرتا، اس لیے آپ کو اسے غذا کے ذریعے حاصل کرنا پڑتا ہے۔سویابین تیل، کنولا تیل، اَخروٹ، بادام اور مٹرکے دانے، لینولیک ایسڈ کے حصول کا بڑا ذریعہ ہیں۔

شکر کا استعمال گھٹائیں

تحقیق نے اس بات کو دُرست ثابت کیا ہے کہ آپ، اضافی شکر اور کاربوہائیڈریٹس کا استعمال جتنا کم کریںگی، آپ کی جلد اتنی ہی زیادہ تروتازہ رہے گی۔ اس کے برعکس، ’ہائی شوگر‘ کی حامل غذائیں کھانے سے کولاجن اور اِلاسٹن کے فائبرز کو نقصان پہنچتا ہے، جلد کی لچک ختم ہوجاتی ہے اور نتیجتاً جلد پر زیادہ جھریاں نمودار ہوتی ہیں اور جلد لٹکنے لگتی ہے۔ شوگر کی حامل مٹھائیوں اور مشروبات کے بجائے مزیدار قدرتی شیرنی چیزیں جیسے تربوز، گرما، اَنگور اور ناشپاتی کھائیں۔ یہ زبردست اینٹی آکسیڈنٹس ہیں۔

کولاجن کا استعمال بڑھائیں

کولاجن وہ پروٹین ہے، آپ کی جلد کو جس کی اشد ضرورت رہتی ہے۔ یہ پروٹین سفید اور سرخ گوشت میں وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ جب آپ پروٹین لیتی ہیں تو جسم میں داخل ہوکر یہ امینو ایسڈز پیدا کرتا ہے۔

اَمینو ایسڈز آپ کی جلد، ہڈیوں اور جوڑوں کی تمام اقسام کی پروٹین جیسے ہارمونز، اِنزائمز اور کولاجن کی ضروریات پوری کرتے ہیں۔ پولٹری، گوشت، مچھلی اور لوبیا، کولاجن کے حصول کا اہم ذریعہ ہیں۔