26 لاکھ گھروں کو مفت سولر فراہم کریں گے، وزیر بلدیات

July 04, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت صوبے کے بجلی سے محروم 26 لاکھ گھروں کو مفت سولر فراہم کرے گی جبکہ بجلی استعمال کرنے والے عام لوگوں کے لئے جلدآسان اقساط پرسولر کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں کے الیکٹرک سے کہا ہے کہ رات کو لوڈشیڈنگ ختم کر دی جائے او زیڈ ٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے اس ماہ سےکونسلوں کوخطیر رقم ملے گی، ہاکس بے میں ڈی ایچ اے کو زمین دینے کے حوالے سے سوال پر وزیر بلدیات نے کہا کہ اس حوالے سے ہمارے سامنے یا کابینہ میں کوئی بات نہیں آئی ہے جب یہ معاملہ آئے گا تو دیکھیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے اور صحافیوں کے اعزاز میں مقامی ہوٹل میں دئیے گئے ظہرانہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب میں ڈپٹی مئیر سلمان عبداللہ مراد، ڈی جی کے ڈی اے شجاعت حسین، سی او او واٹر بورڈ اسد اللہ خان، ٹائون چیئرمین چنیسر ٹائون فرحان غنی، سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈکے ڈائریکٹر رحمت اللہ شیخ، پی ایس ایف کراچی کے صدر مدنی رضا، کنسٹریکشن ایسوسی ایشن سندھ کے چیئرمین نعیم کاظمی، سعید مغل کے علاوہ بلدیاتی رپورٹرز کی بڑی تعداد موجود تھی سعید غنی نے کہا کہ چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے انتخابی منشور میں غریبوں کو مفت بجلی دینے کا جو وعدہ کیا تھا اس پر سندھ حکومت عمل درآمد کررہی ہے اور ہم 26 لاکھ ایسے گھروں کو جہاں بجلی کا کوئی نیٹ ورک نہیں انہیں مفت سولر فراہم کررہے ہیں، جس سے وہ اپنے گھر میں پنکھا اور لائٹ جلا سکے دوسری جانب وزیر توانائی سندھ سے بات کی ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت جو لوگ مہنگی بجلی استعمال کرتے ہیں انہیں آسان اقساط پر سولر فراہم کئے جائیں تاکہ وہ بجلی کے ماہانہ بل سے کی ادائیگی کرکے سولر کے مالک بن سکیں ایک سوال کے جواب میں سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم کی جانب سے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے حوالے سے جو بات کی گئی ہے وہ کسی صورت سمجھ سے بالاتر اور حیرت انگیز ہے اس بات کا سندھ کے بجٹ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔