مال بردار گاڑیوں کو تنگ کرنے کا سلسلہ بند کیاجائے، گڈز ٹرک ایسوسی ایشن

July 04, 2024

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی نور محمد شاہوانی نے کہا ہے کہ اگر بلوچستان کے ٹرانسپورٹرز سے پنجاب اور سندھ میں ناانصافیوں کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو 5 جولائی سے کوئی ٹرک ، ٹرالر ، منی ٹرک پنجاب اور سندھ کیلئے لوڈ لے کر نہیں جائیں گے۔یہ بات انہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر حاجی عبدالباقی کاکڑ ، روزی خان مندوخیل ، ظاہر شاہ یوسفزئی ، ملک نور کاکڑ ، سہیل کاکڑ و دیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے روزانہ سینکڑوں ٹرک ، ٹرالرز ، منی مزدا ٹرک کوئلہ ، اسکریپ ، سبزی ، فروٹ ، ماربل سمیت مختلف اشیاء لیکر پنجاب اور سندھ جاتے ہیں ، جنہیں سہولیات فراہم کرنے کی بجائے مرکزی اور صوبائی حکومتوں نے ٹرانسپوٹرز کیلئے کافی مشکلات کھڑی کردی ہیں۔پنجاب اور سندھ میں موٹروے پولیس،ہائی وے پیٹرولنگ پولیس ، ٹریفک پولیس ، آر ٹی اے کے اہلکار 24 گھنٹے قومی شاہراہوں پر ہر 50 کلو میٹر پر ٹرکوں ، ٹرالروں ، منی ٹرکوں کو بھاری چالان اور جرمانے کررہے ہیں اگر کوئی ڈرائیور ان سے بات کرتا ہے تو اس کو قریبی تھانہ لے جا کر بند کردیا جاتا ہے جبکہ دس ہزار سے لیکر تیس ہزار روپے کے بھاری جرمانہ کیے جارہے ہیں جبکہ چالان کے ریٹ بھی بڑھا دئیے گئے ہیں ، ٹرانسپورٹرز صورتحال سے تنگ آکر پنجاب اور سندھ کیلئے کوئی لوڈ لے جانے کیلئے تیار نہیں ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ کانٹا اسٹیشنوں سے ٹھیکیداری نظام ختم ، پنجاب میں آر ٹی اے افسران کی من مانی ختم ، پنجاب میں ہائی وے ، پیٹرولنگ پولیس کے رویئے کا نوٹس لیا جائے بصورت دیگر 5جولائی سے پنجاب و سندھ کیلئے کوئی لوڈ لیکر نہیں جائے گا۔