چہرے کے خدو خال شخصیت سے متعلق کیا بتاتے ہیں؟

July 04, 2024

---فائل فوٹو

آپ کے چہرے کے خدو خال میں آپ کی پوشیدہ شخصیت سے متعلق تمام خصوصیات اور مکمل معلومات چھپی ہیں۔

کیا آپ نے کبھی اپنے چہرے کے خدو خال کا بغور جائزہ لیا ہے؟ آپ کے چہرے کی شکل لمبی ہے یا گول؟ معلومات سے بھرپور اس دلچسپ رپورٹ میں آپ اپنی پوشیدہ شخصیت کی خصوصیات، رویے، مزاج، طاقتیں، کمزوریاں، زندگی کا نقطۂ نظر، کیریئر اور تعلقات سے متعلق جان سکتے ہیں۔

معروف ’فیس ریڈر‘ جین ہینر نے چہرے اور اس کے خدو خال میں گہرے تعلق کو تلاش کرتے ہوئے یہ تجویز کیا ہے کہ ہمارے چہروں کی ساخت ہی ہماری بنیادی شخصیت کی خصوصیات اور زندگی کے چیلنجوں سے نمٹنے کے طریقے کے بارے میں معلومات فراہم کرتی ہے۔

مطالعے سے پتہ چلتا ہے کہ چہرے کی شکل اور شخصیت کے درمیان ایک دلچسپ تعلق ہے۔

ایک تحقیقی مطالعہ جس کا عنوان "Face Shape-based Physiognomy in LinkedIn Profiles" میں کہا گیا ہے کہ LinkedIn پر اپ لوڈ کی گئی پروفائل فوٹو ملازمت کے متلاشی افراد یا کنکشن کے چہروں کی جانچ کرکے ان کی شخصیت کا تجزیہ دے سکتی ہے۔

تحقیق میں مزید کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پیجز پر دستیاب پروفائل فوٹوز کو تکنیکی ٹولز کے ذریعے بہتر فزیوگنومی کے ساتھ کسی کی شخصیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

1990ء کی دہائی میں ہونے والی ایک تحقیق کے نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ شخصیت کے تین عناصر خاص طور پر طاقت، گرم جوشی اور ایمانداری کا اندازہ چہرے کے خدوخال کو دیکھ کر لگایا کا سکتا ہے۔

تو کیا آپ اپنے چہرے کے خدو خال دیکھتے ہوئے اپنی شخصیت کو دریافت کرنے کے لیے تیار ہیں؟

بیضوی (اُووَل) شکل کا چہرا اور خصوصیات:

اگر آپ کا چہرہ بیضوی ہے تو مطالعے کے مطابق آپ کی شخصیت کی خصوصیات ظاہر کرتی ہیں کہ آپ کے پٹھوں کی ایتھلیٹک ساخت ہوسکتی ہے۔

آپ خیالات کے بجائے عملی زندگی میں زیادہ رہتے ہیں اور محنتی ثابت ہوتے ہیں۔

بیضوی چہروں والی خواتین عام طور پر خاندان کو اہمیت دینے کے بجائے زیادہ تہ سوشل اور کیریئر کو اہمیت دینے والی ہوتی ہیں، آپ کی فطرت غیر لچکدار ہوتی ہے جس کی وجہ سے اکثر باہمی تعلقات میں آپ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

آپ انسانوں سمیت چیزوں کے انتخاب کے معاملے میں بہت محتاط ہوتے ہیں، آپ اپنے لیے اعلیٰ معیار قائم کرتے ہیں۔

ہو سکتا ہے کہ بیضوی شکل کے چہرے والے افراد کافی ضدی، فیصلہ کن، بُرے مزاج کے ہوں، اگر ان کی حدوں کو عبور کیا جائے تو یہ کافی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

آپ طاقت اور دولت پسند ہو سکتے ہیں۔

گول چہرے والے افراد کی شخصیت اور خصوصیات:

اگر آپ کا چہرہ گول ہے تو مطالعے کے مطابق آپ کی شخصیت کی خصوصیات ظاہر کرتی ہیں کہ آپ جذباتی، حساس اور خیال رکھنے والے ہو سکتے ہیں۔

گول چہرے والی خواتین خوش مزاج، توجہ دینے والی اور قابل اعتماد خصوصیات کی حامل ہوتی ہیں۔

آپ اپنے نرم لب و لہجے، مہربان شخصیت، میٹھے بول، قابل اعتماد، بردبار، مددگار فطرت کی وجہ سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والے بھی ہوسکتے ہیں۔

آپ اکثر دوسرے لوگوں کی خوشی کو اپنی خوشی پر ترجیح دیتے ہیں۔

آپ عام طور پر مستحکم تعلقات استوار کرنے کے قائل ہوتے ہیں، باہمی تعلقات کو آسانی سے سنبھالنے میں ماہر ہو سکتے ہیں۔

ہو سکتا ہے کہ آپ انتہائی پرکشش ہوں یا اکثر اوقات اپنے آپ کو بہت زیادہ مداحوں میں گھرے ہوئے پائیں۔

ہو سکتا ہے کہ آپ کے گول چہرے کی وجہ سے آپ اپنی اصل عمر سے کم نظر آئیں۔

آپ کو اکثر یہ سننے کو مل سکتا ہے کہ آپ کا چہرہ بچوں جیسا ہے۔