ٹیکس وصولی کیلئے بہترین کنسلٹنٹ میکنزی نے کام شروع کر دیا: علی پرویز ملک

July 05, 2024

وزیرِ مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک—فائل فوٹو

وزیرِ مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ ٹیکس وصولی کے نظام میں کمزوریاں ختم کرنے کے لیے بہترین کنسلٹنٹ میکنزی نے کام شروع کر دیا ہے۔

اسلام آباد سے جاری کیے گئے بیان میں ان کا کہنا ہے کہ حکومت ایف بی آرمیں اصلاحات اور قانون سازی کے ذریعے محصولات کی وصولی کے اہداف کے حصول کے لیے پُرعزم ہے۔

وزیرِ مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کسٹمز سروس، اِن لینڈ ریونیو کے 27 افسران کے تبادلے وزیرِ اعظم کے معاشی اصلاحاتی ایجنڈے کے تحت کیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تقرریاں اور تبادلے وزیرِاعظم شہباز شریف کے معاشی اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہیں، یہ تبادلے انٹیلیجنس رپورٹس اور محکمے کی اپنی دستاویزات کی روشنی میں کیے گئے ہیں۔

وزیرِ مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک نے مزید کہا ہے کہ ناقص کارکردگی والے افسران کو سزا اور اچھی کارکردگی کے حامل افسران کو انعامات سے نوازا جا رہا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ محصولات کی وصولی ہے، حکومت نے اپنے وعدے کے مطابق ایف بی آر میں اصلاحات کا آغاز کیا ہے۔