پشاور ایئرپورٹ پر غیرملکی طیارے میں آگ لگ گئی

July 11, 2024

ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاور ایئرپورٹ پر غیرملکی ایئر لائن کے طیارے میں لینڈنگ کے دوران آگ لگ گئی۔

ذرائع کے مطابق ریاض سے پشاور ائیرپورٹ پر آنے والے سعودی ایئرلائن کے طیارے کے لینڈنگ گئیر میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہنگامی طور پر تمام 276 مسافر اور عملے کے 21 ارکان کو انفلیٹبل سلائیڈز سے باحفاظت جہاز سے باہر نکال لیا گیا ہے، کوئی جانی نقصان ہونے کی اطلاع نہیں ہے جبکہ فائر برگیڈ کے عملے نے طیارے میں لگی اگ بجھا دی ہے۔

ائیر ٹریفک کنٹرولر نے لینڈنگ کے دوران طیارے کے بائیں لینڈنگ گئیر میں دھواں اور چنگاریاں دیکھیں، جس پر انہوں نے پائلٹ کو اس حوالے سے آگاہ کیا۔

آگ لگنے کی صورت میں ایئر ٹریفک کنٹرولر نے فوراً فائر اینڈ ریسکیو سروسز کو مطلع کیا۔

فائر ٹینڈرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آتشزدگی پر فوراً قابو پاکر جہاز کو بڑے حادثے سے بچا لیا۔