ملالہ یوسف زئی اپنی سالگرہ کس کے ساتھ منا رہی ہیں؟

July 12, 2024

--- فائل فوٹو

پاکستانی نوبل انعام یافتہ و سماجی کارکن ملالہ یوسف زئی آج اپنی 27ویں سالگرہ منا رہی ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ملالہ یوسف زئی نے اپنی سالگرہ کے حوالے سلسلہ وار پوسٹ شیئر کی ہیں۔

انہوں نے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال وہ اپنی سالگرہ 3 افغان طالبات مسکا، ثناء اور سومایا کے ساتھ گزار رہی ہیں، جو لندن کے ہارو ہائی اسکول میں زیر تعلیم ہیں۔

ایک اور پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ ہم نے ملکر ان کی ہم جماعتوں سے بات کی کہ افغانستان میں طالبان کے اقتدار پر قبضہ کرنے سے پہلے کی زندگی کیسی تھی اور آج وہاں رہنے والی لڑکیاں کن حالات کا سامنا کر رہی ہیں۔

کم عمر نوبل امن انعام یافتہ نے مزید لکھا کہ میں ان کے عزم سے بہت متاثر ہوئی ہوں۔ 17 سالہ ثناء کا خاندان افغانستان میں مقیم ہے، وہ خود کو خوش قسمت سمجھتی ہے کہ وہ ہر روز اسکول جاسکتی ہے، اپنی زندگی کے فیصلے جیسے کیرئیر بنانے یا اپنی تعلیم جاری رکھنے کا فیصلہ خود لے سکتی ہے، کیونکہ افغانستان میں لڑکیوں کے پاس اس کا حق نہیں ہے۔

ملالہ یوسف زئی کے مطابق ہارو ہائی اسکول کا ہر طالب علم اپنے لیے روشن مستقبل کا خواب دیکھ سکتا ہے اور ہر لڑکی، چاہئے وہ دنیا کے کسی بھی حصے میں ہو اسی کی مستحق ہے لیکن طالبان کی حکومت کے تحت، لڑکیوں سے ان کے بنیادی حقوق، تعلیم اور اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے کی آزادی چھین لی جاتی ہے۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں اس صنفی امتیاز کے خاتمے کا بھی مطالبہ کیا اور ان سے اظہار یک جہتی بھی کیا۔