پی ٹی آئی پر پابندی، حکومتی فیصلے پر پیپلز پارٹی کا ردعمل آگیا

July 16, 2024

فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی لگانے کے حکومتی فیصلے پر پیپلز پارٹی کا ردعمل آگیا۔

مرکزی سیکریٹری اطلاعات پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری نے کہا ہے کہ حکومت نے پیپلزپارٹی کو اس فیصلے پر اعتماد میں نہیں لیا۔

اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ہم حکومت کے اس فیصلے سے متعلق پارٹی کے اندر مشاورت کریں گے۔

شازیہ مری نے مزید کہا کہ اگر پی ٹی آئی خود کو سیاسی جماعت کہتی ہے تو اسے اپنا رویہ بھی سیاسی بنانا ہوگا۔

دوسری جانب حکومت سندھ کے ترجمان اور میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اپنا موقف چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں ہونے والی میٹنگ کے بعد رکھے گی۔

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید ناصر شاہ کا کہنا ہے کہ پی پی کسی سیاسی جماعت پر پابندی کے حق میں نہیں، لیکن سیاسی جماعت کو بھی سیاسی جماعت کا طرز عمل اپنانے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کے معاملے پر کافی دیر سے غور جاری تھا، پی ٹی آئی پر پابندی کا معاملہ اگلے کابینہ اجلاس میں آ سکتا ہے۔