الجزائر کی انفلوئنسر کو لائیو ویڈیو کے دوران شوہر کی موت کی خبر موصول

July 16, 2024

رانیہ ایسمرالدا اور ان کے شوہر--- تصویر بشکریہ عرب میڈیا

لائیو ویڈیو کے دوران الجزائر کی خاتون انفلوئنسر شوہر کی وفات کی خبر سن کر صدمے سے نڈھال ہو گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق حال ہی میں رانیہ ایسمرالدا نامی سوشل میڈیا انفلوئنسر گاڑی میں سوار تھی اور وہ سوشل میڈیا پر لائیو ویڈیو میں مصروف تھی کہ اسی دوران اسے ایک کال موصول ہوئی جس میں اسے بتایا گیا کہ اس کا شوہر ٹریفک حادثے کے نتیجے میں جان کی بازی ہار گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لائیو ویڈیو کے دوران رانیہ ایسمرالدا یہ خبر سن کر رونے اور چیخنے لگی۔

عرب میڈیا کے مطابق رانیہ ایسمرالدا کے شوہر موٹر سائیکل چلا رہے تھے اور اطلاعات کے مطابق وہ الجزائر میں ایک پل کے اوپر سے گرے جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہو گئی۔

ٹک ٹاک اور انسٹا گرام پر 21 لاکھ سے زیادہ فالوررز رکھنے والی انفلوئنسر نے شوہر کی موت کی خبر سن کر لائیو اسٹریمنگ کے دوران ہی رونا اور چیخنا شروع کر دیا۔

اس موقع پر رانیہ ایسمرالدا کا کہنا تھا کہ میں یقین نہیں کر سکتی اگر یہ واقعی ہوا ہے تو میں خودکشی کر لوں گی۔

سوشل میڈیا صارفین نے خاتون انفلوئنسر کے اس صدمے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور انہیں دلاسہ بھی دیا۔

رانیہ ایسمرالدا مشہور الجزائری سوشل میڈیا انفلوئنسر ہیں جو عام طور پر اپنے روزمرہ کے معمولات، گھر اور کام کی مصروفیات کو سوشل میڈیا پر شیئر کرتی ہیں۔

وہ سوشل میڈیا پر اپنی اور اپنے مرحوم شوہر کی تصاویر بھی شائع کرتی تھیں۔