نیب ٹیم بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے تفتیش کیلئے آج پھر اڈیالہ جیل پہنچ گئی

July 16, 2024

بانی پی ٹی آئی عمران اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی---فائل فوٹو

بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانے کے نئے ریفرنس میں تفتیش کے لیے نیب کی ٹیم اڈیالہ جیل پہنچ گئی۔

نیب کی ٹیم ڈپٹی ڈائریکٹر محسن ہارون کی سربراہی میں اڈیالہ جیل پہنچی ہے۔

گزشتہ روز بھی بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے اڈیالہ جیل میں تفتیش کی گئی تھی۔

جیل ذرائع کے مطابق نیب ٹیم نے توشہ خانے کے نئے ریفرنس میں دونوں ملزمان سے 3 گھنٹے سے زائد تفتیش کی تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو نئے توشہ خانہ ریفرنس میں گرفتار کیا تھا اور دو روز قبل نیب نے دونوں کا 8، 8 روز کا جسمانی ریمانڈ لیا تھا۔

عدالت نے نیب کو بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے اڈیالہ جیل میں ہی تفتیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔

اس سے قبل اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف دورانِ عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلیں منظور کر کے 7، 7 سال کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے دونوں کو کیس سے بری کرنے کا حکم دیا تھا۔