عمان کی مسجد پر حملے کے شہداء میں 2 پاکستانی بھی شامل

July 16, 2024

فوٹو بشکریہ غیر ملکی میڈیا

سلطنتِ عمان کی امام علی مسجد میں پیش آئے فائرنگ کے واقعے کے شہداء میں 2 پاکستانی بھی شامل ہیں۔

اس حوالے سےپاکستانی سفیر علی عمران چوہدری کا کہنا ہے کہ عمان حکومت نے کُل 4 افراد کی شہادت کی تصدیق کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ واقعے میں اب تک 2 پاکستانیوں کی شہادت کی بھی تصدیق ہوئی ہے۔

پاکستانی سفیر کا کہنا ہے کہ سفارتی عملے کے ساتھ رات اسپتال میں موجود تھا، عمان حکام کے ساتھ رابطے میں ہوں۔

علی عمران چوہدری نے کہا کہ عمانی حکام حملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ مسقط کے علاقے وادی الکبیر میں امام علی مسجد میں پیش آیا، جہاں مجلسِ عزاء جاری تھی اور 700 سے زائد افراد موجود تھے۔

عرب میڈیا کے مطابق مسجد میں زیادہ تر پاکستانی کمیونٹی کے افراد تھے۔