پاکستان بار کونسل کی سیاسی و آئینی مقدمات کیلئے آئینی عدالت کے قیام کی تجویز

July 18, 2024

فوٹو: فائل

پاکستان بار کونسل (پی بی سی) نے حکومت کو سیاسی و آئینی مقدمات کےلیے آئینی عدالت کے قیام کی تجویز دے دی۔

ایک بیان میں پی بی سی کا کہنا ہے کہ حکومت آئینی ترمیم کرکے آئینی عدالت قائم کرے، آئینی عدالت کے قیام سے سپریم کورٹ پر سیاسی و آئینی مقدمات کا بوجھ ختم ہوگا۔

پاکستان بار کونسل نے سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججز کی حمایت بھی کردی اور کہا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو ایڈہاک ججز لگانے کی تجویز بار کونسلز نے دی تھی۔

پی بی سی کے مطابق چیف جسٹس نے بارز کی تجویز پر ایڈہاک ججز کےلیے جوڈیشل کمیشن اجلاس طلب کیا۔

پاکستان بار کونسل نے نکتہ اٹھایا کہ سپریم کورٹ ججز کا زیادہ وقت سیاسی مقدمات میں گزر جاتا ہے، سیاسی مقدمات کی وجہ سے عام سائلین کے مقدمات تاخیر کا شکار ہوجاتے ہیں۔

پی بی سی کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججز تعیناتی سے زیر التواء مقدمات کا بوجھ کم ہوگا۔