بنگلہ دیش، کوٹا سسٹم کیخلاف طلباء کا احتجاج جاری، ہلاکتوں کی تعداد 32

July 19, 2024

ڈھاکہ (اے ایف پی) بنگلہ دیشی طلباء کے سول سروس کی ملازمتوں کے کوٹہ سسٹم کے خلاف جاری مظاہروں میں ہلاکتوں کی تعداد 32تک پہنچ گئی،گزشتہ روزکم از کم 18افراد ہلاک ہوئے، سینکڑوں زخمی ہوئے۔ سرکاری ٹیلی ویژن اسٹیشن نذرآتش، ہیلی کاپٹروں نےکینیڈین یونیورسٹی میں پھنسے 60پولیس اہلکاروں کو بچایا۔بنگلہ دیشی طلباء نے گزشتہ روز ملک کے سرکاری ٹیلی ویژن اسٹیشن کو آگ لگا دی،سول سروس کی ملازمتوں کے قوانین میں اصلاحات کا مطالبہ کرنے والے سیکڑوں مظاہرین نے جوابی مقابلہ کیا اوران پر ربڑ کی گولیاں فائر کرنے والی پولیس کو مغلوب کردیا ، اور پیچھے ہٹنے والے افسران کا پیچھا کیا، جنہوں نےڈھاکہ میں بی ٹی وی کے ہیڈ کوارٹر میں پناہ لینے کی کوشش کی۔بی ٹی وی کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پربتایا کہ مشتعل ہجوم نے نیٹ ورک کی استقبالیہ عمارت اور باہر کھڑی درجنوں گاڑیوں کو آگ لگا دی۔براڈکاسٹر نے اپنے فیس بک پیج پر کہاکہ بہت سے لوگ اندر پھنسے ہوئے ہیں،اس نے مزید کہا کہ تباہ کن آگ تیزی سے پھیل رہی ہے۔ایلیٹ ریپڈ ایکشن بٹالین پولیس فورس نے ایک بیان میں کہا کہ ہیلی کاپٹروں نےکینیڈین یونیورسٹی کے کیمپس کی عمارت کی چھت پر پھنسے 60 پولیس اہلکاروں کو بچایا ۔ بنگلہ دیشی طلباء نے گزشتہ روزسول سروس کی ملازمتیں حاصل کرنے کے قوانین کے خلاف ملک گیر مظاہروں کے ساتھ دباؤ ڈالا، وزیر اعظم شیخ حسینہ کی جانب سے امن کی پیشکش کو ٹھکرا دیا ۔