دادو: بچے کو زنجیروں سے باندھ کر تشدد کرنے کی ویڈیو سامنے آگئی

July 20, 2024


دادو کے علاقے میہڑ میں8 سال کے بچے مظفر لاشاری پر رائس مل کے چوکیدار کے تشدد کی ویڈیو جیو نیوز کو موصول ہو گئی۔

پولیس کے مطابق تشدد کرنے والے رائس مل کے چوکیدار کو گرفتار کر لیا ہے، جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔

بچے کےوالد شوکت لاشاری کا کہنا ہے کہ جرگہ رات دیر سے پولیس افسر صدا حسین کی سربراہی میں ہوا۔

جرگے میں محمد علی لاشاری، ایڈووکیٹ لیاقت ڈیپر اور رائس مل کے عملے نے شرکت کی۔

ایڈووکیٹ لیاقت ڈیپر کا کہنا ہے کہ جرگے نے فریقین کے مؤقف سننے کے بعد چوکیدار احمد نواز پر 50 ہزار جرمانہ عائد کیا، ملزم احمد نواز کے ورثاء کی جانب سے 25 ہزار روپے بچے کے والد کو ادا کر دیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ باقی 25 ہزار روپے ملزم کے ورثاء کی اپیل پر بچے کے والد نے معاف کر دیے، ملزم احمد نواز نے عدالت میں پیش ہو کر ضمانت حاصل کر لی ہے۔

واضح رہے کہ درخت سے کھجور اتارنے پر چوکیدار نے بچے کو زنجیروں سے باندھ کر تشدد کیا تھا۔