SBCA غیرقانونی تعمیرات کیخلاف کارروائی سے گریزاں

July 21, 2024

کراچی (اعظم علی /نمائندہ خصوصی )شہر قائد میں غیرقانونی عمارتوں کیخلاف سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے )اور ضلعی افسران کارروائی سے گریزاں ‘متعددحادثات کے باوجود غیر معیاری مٹیریل سے بننے والی بلڈنگز کی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے جوکسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں غیرقانونی عمارتوں کی تعمیر کے معاملے پر ایس بی سی اے اور ضلعی حکام نے آنکھیں موند لی ہیں ۔گزشتہ دنوں لیاری کے علاقے نیوکمہارواڑہ میں ایس بی سی اے کی منظوری کے بغیر ناقص مٹیریل سے تعمیر ہونیوالی بلڈنگ کا ایک بڑاحصہ گرنے سے ملحقہ مکان تباہ ہوگیاتھا جس پر علاقہ مکینوں نے بلڈنگ منہدم اوربلڈرکے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیاتھاجبکہ ایڈیشنل ڈی جی ایس بی سی اے صمت علی خان اوربینش شبیرکو بھی شکایت کی گئی جوبے سود رہی ‘ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس بی سی اے کے مقامی انسپکٹرز اوردیگر حکام نے بلڈرکے ساتھ ملکر معاملہ رفع دفع کردیاتھا۔علاقہ مکینوں کے مطابق مذکورہ عمارت انتہائی ناقص ہے جو کسی بھی وقت بڑے سانحے کا سبب بن سکتی ہے ‘ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے عبدالرشیدسولنگی ‘ڈی سی ساؤتھ اور اسسٹنٹ کمشنر لیاری سے اس معاملے پر فی الفور ایکشن لینے کا مطالبہ کیاہے‘دوسری جانب رابطہ کرنے پر اسسٹنٹ کمشنر لیاری ماجدالطاف نے بتایا کہ مزاحمت کے باعث مذکورہ عمارت کے خلاف کارروائی نہ کی جاسکی ‘یہ ذمہ داری ایس بی سی اے کی ہے ۔