کراچی میں بارش، CAA نے چھوٹے طیاروں کو فلائنگ سے روک دیا

July 22, 2024

کراچی(آئی این پی ) سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کراچی ایئر پورٹ اور اطراف میں تیز بارش کی وجہ سے چھوٹے طیاروں کو فلائنگ سے روک دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سی اے اے نے کراچی ایئر پورٹ الرٹ جاری کیا ہے، حکام نے کہا ہے کہ فلائٹ سیفٹی کے پیش نظر سیسنا اور دیگر لائٹ ویٹ طیاروں کو فلائنگ سے روک دیا گیا حکام کی جانب سے چھوٹے طیاروں کو محفوظ مقام پر ونگز کے ساتھ وزن لگا کر باندھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ سی اے اے نے ہدایت کی ہے کہ چھوٹے طیاروں کو محفوظ مقامات پر ونگز کے ساتھ وزن باندھ کر پارک کیا جائے، اور بارش کے باعث کیڑے مکوڑے ہونے سے پرندے رن وے کے اطراف آ سکتے ہیں اس لیے محفوظ فلائٹ آپریشن کے لیے اضافی برڈ شوٹر بھی تعینات کیے جائیں۔سی اے اے نے یہ ہدایت بھی کی ہے کہ ٹارمک ایریا کے بجلی کی تاروں کے جوائنٹس کو مکمل طور محفوظ بنایا جائے، بارش کے دوران طیاروں کے پھسلنے کے پیش نظر محفوظ فلائٹ آپریشن کو یقینی بنایا جائے۔بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے ایئر پورٹ رن وے سے منسلک نالوں کی صفائی کے انتظامات کیے جائیں، اور رن وے اور متصل ایریاز میں فالومی وین کے گشت کو 24 گھنٹے یقینی بنایا جائے۔