حکومت غیر منصفانہ آئی پی پیز معاہدوں کیخلاف عالمی عدالت جائے، زاہد توصیف

July 22, 2024

فیصل آباد (نمائندہ جنگ) سینئر سیاستدان اور سابق رکن قومی اسمبلی رانا زاہد توصیف نے آئی پی پیز کو بجلی بنائے بغیر کیپسٹی چارجز کی ادائیگی کے غیر منصفانہ معاہدوں کو ختم کرنے کے لئے عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ’’جنگ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان میں آئی پی پیز سے ہونے والے معاہدوں کا تقابل اسی عرصے کے دوران دیگر ممالک میں لگنے والے آئی پی پیز سے کرکے یہ بات باآسانی پتہ لگائی جا سکتی ہے کہ ان معاہدوں میں کتنی کرپشن ہوئی ہے۔ احتساب کیلئے منافع، کیپسٹی چارجز کی ڈالر میں ادائیگی کے حقائق سامنے لائے جائیں انہوں نے کہا کہ صنعتی تنظیموں نے آئی پی پیز کو کپیسٹی چارجز کی ادائیگی کے خلاف احتجاج کا اعلان کرکے بالکل درست فیصلہ کیا ہے کیونکہ اگر اب بھی خاموشی اختیار کی گئی تو اس سے پورےملک کا معاشی نظام تباہ ہو جائے گا۔ انہوں نےکہا کہ آج ملک میں صنعتیں بند ہو رہی ہیں اور لوگ بجلی کے بھاری بل ادا کرنے اور پٹرول ڈلوانے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ آئی پی پیز سے غیر منصفانہ معاہدوں کی ذمہ داری پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن پر عائد ہوتی ہے جنہوں نے کک بیکس اور کرپشن کے لئے ملک کو معاشی طور پر تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اس سوال کا بھی جواب جاننا چاہتی ہے کہ اگر ملک کو صرف 20 ہزار میگاواٹ بجلی درکار تھی تو 47 ہزار میگاواٹ بجلی بنانے کے معاہدے کیوں کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کو منافع اور کیپسٹی چارجز کی ڈالر میں ادائیگی کے پس پردہ حقائق قوم کے سامنے آنے ضروری ہیں تاکہ ذمہ دار عناصر کا احتساب یقینی بنایا جا سکے۔