کملا ہیرس سے متعلق ’دی سمپسنز‘ کی 20 برس قبل کی گئی پیشگوئی سچ ثابت ہونے والی ہے؟

July 22, 2024

امریکی صدارت سے متعلق اینی میٹڈ سیریز ’دی سمپسنز‘ کی 20 برس قبل کی گئی پیشگوئی سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز ہوگئی۔

گزشتہ روز امریکی صدر جوبائیڈن نے صدارتی دوڑ سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے نائب صدر کملا ہیرس کو آئندہ انتخابات کے لیے ڈیموکریٹک کی جانب سے امیدوار نامزد کیا تو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر میمز کی بھرمار ہوگئی۔

ایسے میں مستقبل کے واقعات دکھانے کے حوالے سے مشہور کارٹون سیریز ’دی سمپسنز‘ کی ایک اور پیشگوئی جلد سچ ثابت ہوتی نظر آ رہی ہے، جس میں انہوں نے 20 برس قبل پہلی ایشیائی سیاہ فام خاتون کو بطور امریکی صدر کے طور پر دکھایا تھا۔

2000 میں ’دی سمپسنز‘ کی 11ویں سیریز کی 17ویں قسط میں لیزا سمپسن نامی کارٹون کردار کو امریکی صدر کے طور پر دکھایا گیا تھا.

صرف یہ ہی نہیں بلکہ کارٹون کے کردار نے کملا ہیرس کی طرح پینٹ سوٹ اور موتیوں کی مالا بھی زیب تن کی ہوئی تھی۔

جوں ہی گزشتہ روز امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے صدارتی دوڑ سے دستبرداری اور کملا ہیرس کو صدارتی امیدوار کا اعلان کیا گیا تو سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں کی جانے لگیں کہ ’دی سمپسنز‘ کی ایک اور پیشگوئی جلد سچ ثابت ہوگی اور کملا ہیرس اس بار الیکشن جیت کر پہلی ایشیائی سیاہ فام خاتون بن جائیں گی۔