بنوں واقعے پر جرگہ، وزیراعلیٰ کا اپیکس کمیٹی کا اجلاس بلانے کا عندیہ

July 23, 2024

فائل فوٹو

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بنوں واقعے پر جرگہ اراکین کے مطالبات پر غور کے لیے اپیکس کمیٹی کا اجلاس بلانے کا عندیہ دے دیا۔

وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں بنوں واقعے پر جرگہ ہوا جس میںاراکین نے حکومت کے سامنے 10 مطالبات رکھے۔

مطالبات میں آپریشن عزم استحکام کی مخالفت، مسلح گروپوں کا خاتمہ، پولیس کو با اختیار بنانے اور رات کو گشت کرنے کا مطالبہ شامل ہے۔

سرچ آپریشن یا دہشت گردوں کے خلاف کارروائی سیکیورٹی فورسز کے بجائے سی ٹی ڈی سے کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

مطالبات میں لاپتا افراد کو عدالتوں کے سامنے پیش کرنا بھی شامل ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کے پی نے 48 گھنٹے میں صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس بلانے کا عندیہ دے دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں جرگے کے تمام مطالبات کمیٹی کے سامنے رکھے جائیں گے۔

جرگے کے اراکین نے اپیکس کمیٹی اجلاس تک دھرنا بدستور جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔