کولمبو، آئی سی سی میٹنگ، چیمپئنز ٹرافی ہائی برڈ ماڈل پر کرانے کا نکتہ ایجنڈے میں شامل نہیں تھا

July 23, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کولمبو میں آئی سی سی میٹنگ میں فروری میں پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ہائی برڈ ماڈل کرانے پر کوئی بات نہیں ہوئی نہ یہ نکتہ ایجنڈے میں شامل تھا۔ آئی سی سی کے سری لنکا میں ہونے والے سالانہ اجلاس میں آئندہ سال فروری اور مارچ میں پاکستان میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کے لیے بجٹ کی منظوری دی گئی۔سالانہ اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے بھی شرکت کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شو پیس ایونٹ کے لیے بجٹ آئی سی سی اور پی سی بی نے تیار کیا ہے۔واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 7 سال کے وقفے کے بعد آئندہ فروری، مارچ 2025 میں پاکستان میں شیڈول ہے اور پاکستان میزبان ہونے کے ساتھ ٹورنامنٹ کا دفاعی چیمپئن بھی ہے۔آئی سی سی اعلامیے کے مطابق سالانہ اجلاس میں 108 ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی، آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ٹیم ڈائریکٹر راجر ٹوس، لاسن نائیڈو اور عمران خواجہ آئی سی سی کو سال کے آخر تک اپنی رپورٹ جمع کرائیں گے۔امریکی کرکٹ بورڈ اور کرکٹ چلی کو اپنے معاملات بہتر بنانے کے لیے 12 مہینے کی مہلت دی گئی ہے۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے لیے 8 ریجنل کوالیفائنگ ٹیموں کی منظوری دے دی گئی۔افریقا اور یورپ سے 2، 2 ٹیمیں ورلڈکپ 2026 کے لیے کوالیفائی کریں گی ۔آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2030 کے لیے ٹیموں کو 12 سے بڑھا کر 16 کر دی گئی۔ٹی ٹوئنٹی ویمنز ورلڈکپ 2026 کے لیے کوالیفائی کرنے کی حتمی تاریخ 31 اکتوبر 2024 مقرر کر دی گئی ۔آئی سی سی نے مشہور امپائر اور سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر پال ریفل کو آئی سی سی مینز کرکٹ کمیٹی میں ایلیٹ پینل کے نمائندے کے طور پر تقرری کی منظوری دے دی۔