سندھ ہائیکورٹ، توہین عدالت کی درخواست پر میئر کراچی کو نوٹس جاری

July 24, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے بجلی کے بلوں میں میونسپل ٹیکس کی وصولی کےکیس میں توہین عدالت کی درخواست پر مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب کو نوٹس جاری کر دئیے۔ مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت سندھ ہائیکورٹ میں ہوئی۔ عدالت نے توہین عدالت کی درخواست پر مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 اگست تک جواب طلب کرلیا۔ جماعت اسلامی کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ کا کہناتھا کہ مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب نے عدالت کے 29مئی 2024کے احکامات کی خلاف ورزی کی ہے، عدالتی حکم کے مطابق یوٹیلیٹی ٹیکس کے الیکٹرک کے ذریعے وصولی کے بارے میں تفصیلی بحث ضروری تھی، مئیر کراچی نے اس معاملے پر کمیٹیوں کو بریف کیا نا ایوان میں بحث کا موقع دیا ،کے ایم سی کے ایوان میں ضمنی ایجنڈے کے تحت یوٹیلیٹی ٹیکس کی وصولی کی قرار داد منظور کرالی، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی اراکین کو اعتماد میں بھی نہیں لیا گیا تھا، ایم یو سی ٹی ٹیکس کے نفاذ سے متعلق حکم امتناع جاری کیا جائے۔