اسحاق ڈار نے بیرون ملک پناہ لینے والے پاکستانیوں کے پاسپورٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا

July 24, 2024

--- فائل فوٹو

وزیر خارجہ اسحق ڈار نے بیرون ملک پناہ لینے والے پاکستانیوں کے پاسپورٹ منسوخی کرنے سے متعلقمحسن نقوی کے فیصلے کو واپس لے لیا۔

ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان کا کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کی درخواست پر میاں نواز شریف کی مداخلت کے بعد پاسپورٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ واپس ہوگیا۔

پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے ہزاروں اوورسیز پاکستانیوں نے میاں نواز شریف سے وزیر داخلہ محسن نقوی کے پاسپورٹ منسوخ کرنے کے فیصلے پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ امریکی سمیت عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی حکومت کے اس فیصلے پر سخت تنقید کی تھی، اس کے علاوہ وفاقی وزیر خارجہ اور ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھی محسن نقوی کے اس فیصلے کی مخالفت کی تھی۔

بعدازاں وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر اسحاق ڈار نے یہ فیصلہ منسوخ کرتے ہوئے کہا کہ کسی پاکستانی کا پاسپورٹ منسوخ نہیں کیا جاسکے گا۔

ملک نور اعوان کے مطابق اس فیصلے سے قبل وزیر خارجہ اسحق ڈار نے اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ زوم کانفرنس بھی منعقد کی تھی جس میں ملک نور اعوان بھی شامل تھے۔

اس فیصلے میں انہوں نے بھی محسن نقوی کے فیصلے کی سخت مخالفت کی تھی جس کے بعد ایک طویل سرکاری اجلاس کے بعد اسحاق ڈار نے محسن نقوی کے فیصلے کو واپس لے لیا۔