ہم علامتی بھوک ہڑتال کا کیمپ آج لگا رہے ہیں، احمد خان بھچر

July 24, 2024

فائل فوٹو

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر نے کہا ہے کہ ہم علامتی بھوک ہڑتال کا کیمپ آج لگا رہے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احمد خان بھچر نے کہا کہ پی ٹی آئی کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، ہم مقدمات سے گھبرانے والے نہیں، فارم 47 والی حکومت کے دن گنےجا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ سمجھتے ہیں کہ ہمیں مریم نواز یا شریف خاندان کے خلاف احتجاج سے روک سکیں گے تو ایسا نہیں ہوگا۔

احمد خان بھچر نے کہا کہ گوجرانوالا میں ایک بھائی نے دوسرے کو بجلی کے بل کی وجہ سے قتل کردیا، آپ کو چاہیے کہ آپ فی الفور اپنا عہدہ چھوڑ دیں، آپ نے کسی شعبے کو فوری ریلیف نہیں پہنچایا۔

احمد خان بھچر نے کہا کہ آپ نے ہمارے سینٹرل سیکریٹریٹ پر حملہ کیا اور ایفی ڈیوٹ اٹھا کر لے گئے، تحریک انصاف اس وقت پاکستان کی سب سے بڑی جماعت ہے، اسپیکر نے بڑا انوکھا کام کیا ہے کہ انہوں نے خود پریس کانفرنس کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج تک کسی اسپیکر نے یہ کام نہیں کیا، آپ نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، آپ نے ہمارے گیارہ ممبرز کو بغیر نوٹس معطل کیا، آپ اپنے اختیارات کا بھرپور ناجائز استعمال کر رہے ہیں، آپ کسی کو خوش کرنے کے لیے اپنی شخصیت کو کیوں داغدار کر رہے ہیں۔

احمد خان بھچر نے کہا کہ ہمارا کوئی ایم پی اے ٹی اے ڈی اے لینے نہیں گیا، اس ملک و صوبے کی صورت حال پر بات کرنا بہت ضروری ہے، ہماری حکمت عملی اب بن رہی ہے اس کا دائرہ کار بڑھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو چاہیے فی الفور استعفیٰ دیں، اپنے عہدے کو چھوڑ دیں، اسپیکر نے کل ہمارے ارکان کی حاضری کو شمار کیا، اسپیکر نے ثابت کیا کہ میں ایک جماعت ہوں۔