بانیٔ PTI نے جھوٹ پکڑنے والی مشین کا انکار اس لیے کیا کیونکہ وہ ’گُڈ ٹو سی یو‘ نہیں کہتی: امیر مقام

July 24, 2024

وفاقی وزیر برائے سیفران امیر مقام---فائل فوٹو

وزیرِ امورِ کشمیر، انجینئر امیر مقام کی جانب سے بانیٔ پی ٹی آئی کے پولی گراف ٹیسٹ کرانے سے انکار پر تبصرہ کیا گیا ہے۔

امیر مقام نے کہا ہے کہ جو کہتا تھا ’آپ نےگھبرانا نہیں‘، جھوٹ پکڑنے والی مشین سے گھبرا گیا، جو کہتا تھا ’کسی سے نہیں ڈرتا‘، جھوٹ پکڑنے والی مشین سے ڈر گیا۔

امیر مقام کا کہنا ہے کہ یوٹرن کو بڑے لیڈر کی نشانی بتانے والا پولی گراف ٹیسٹ پر یوٹرن لے چکا ہے، جھوٹا اگر جھوٹا نہ ہوتا تو جھوٹ پکڑنے کی مشین سے کیوں ڈرتا؟

انہوں نے بانی پی ٹی آئی پر مزید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’مرجاﺅں گا ، آئی ایم ایف نہیں جاﺅں گا‘ کاجھوٹ بولنے والا پولی گراف مشین کا سامنا کیسے کرے گا؟ جھوٹ پکڑنے والی مشین کا انکار اس لیے کیا کیونکہ وہ ’گُڈ ٹو سی یو‘ نہیں کہتی۔