جمہوری آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی، پی ٹی آئی رہنما

July 24, 2024

فوٹو فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوری آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔

اسلام آباد میں بھوک ہڑتالی کیمپ کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا پی ٹی آئی آئین کی سربلندی کے لیے کوشش کر رہی ہے۔ بانی پی ٹی آئی سمیت پارٹی قیادت اور خواتین کو رہا کیا جائے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ مینڈیٹ کی واپسی تک بھوک ہڑتال جاری رہے گی۔

سینیٹر شبلی فراز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس وقت آئین معطل ہے آزادی اظہار پر پابندی ہے۔ شہری آزادیوں پر قدغن لگائی جا رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو ناحق قید کیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کا مینڈیٹ چھینا گیا اور نااہل ٹولہ مسلط کیا گیا۔

سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ جمعہ کو ملک بھر میں پُرامن احتجاج ہو گا۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے کہا بانی پی ٹی آئی کی رہائی تک یہ بھوک ہڑتال جاری رہے گی۔ پی ٹی آئی پر کوئی پابندی نہیں لگا سکتا۔ پی ٹی آئی کو عوام نے منتخب کرکے ثابت کیا یہ عوام کے حقوق کی بات کرتی ہے۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کا مزید کہنا تھا کہ آج کابینہ میں اراکین کے منہ لٹکے ہوئے تھے۔ اس وقت تحریک انصاف اور بانی پی ٹی آئی قوم کو مشکلات سے نکال سکتے ہیں۔

عمر ایوب نے مزید کہا کہ ہر غیر آئینی معاملے کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا۔