بڑھتی آبادی سنگین مسئلہ، میر خلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی کا سیمینار

July 25, 2024

لاہور (رپورٹ عیشہ آصف) ماہرین نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی سنگین مسئلہ ہے،مرد و خواتین میں یکساں شعور بیداری کی ضرورت ہے، بڑھتی ہوئی آبادی ملکی معیشت پر بہت بڑا بوجھ ہے،مسئلے کے حل کے لئے حکومتی سطح پر سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے،سکلڈ بیسڈ ایجوکیشن کی ضرورت ، جرائم میں اضافے کی بھی بڑی وجہ بڑھتی ہوئی آبادی ہے۔ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع کم مل رہے ہیں ۔ یو این ایف پی اے اور میر خلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی (جنگ گروپ آف نیوز پیپرز) کے زیر اہتمام بعنوان "بڑھتی ہوئی آبادی- مسائل اور وسائل" کے موضوع پر سیمینار منعقد کیا گیا۔ جس کی صدارت ثمن رائے (ڈائریکٹر جنرل محکمہ بہبود آبادی حکومت پنجاب) نے کی۔ تلاوت قرآن پاک کی سعادت محمد خلیق حامد قادری نے حاصل کی۔ حرف آغاز ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل محکمہ بہبود آبادی حکومت پنجاب ڈاکٹر نائلہ الطاف نے کیا۔ مقررین میں پرنسپل سمز چیف ایم ایس سروسز ہسپتالپروفیسر ڈاکٹر زہرہ خانم، وائس چانسلر آف ہوم اکنامکس یونیورسٹی پرپروفیسر ڈاکٹر فلیحہ زہرہ کاظمی، میڈیسن ڈائریکٹر آف چلڈرن ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر ٹیپو سلطان،پرنسپل آف لاہور کالج فار وومن یونیورسٹی ڈاکٹر اقصی شبیر ،پرنسپل آف لاہور کالج فار وومن یونیورسٹی، ہیڈ آف سائیکالوجی ڈیپارٹمنٹ ایل سی ڈبلیو یو پروفیسر ڈاکٹر آمنہ معظم ، سوشیالوجی ڈیپارٹمنٹ پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر روبینہ ذاکر ، ڈاکٹر منیبہ افتخار (ماس کوم ڈیپارٹمنٹ لاہور کالج)، سعدیہ مجید (ہیڈ آف میڈیا سٹڈی یونیورسٹی آف سائؤتھ ایشیاء)، ڈاکٹر نوید اقبال (ماس کمیونی کیشن ڈیپارٹمنٹ ایل سی ڈبلیو یو) جبکہ حرف تشکر حسنہ چیمہ (صوبائی کوآرڈینیٹر یو این ایف پی اے) نے ادا کیا۔ میزبانی کے فرائض واصف ناگی نے ادا کئے۔