الیکشن میں کنگنا رناوت کے انتخاب کو ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا

July 25, 2024

فائل فوٹو

بالی ووڈ اداکارہ و سیاستدان کنگنا رناوت کے انتخاب کو ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 38 سالہ کنگنا رناوت نے اس مرتبہ ہونے والے بھارتی الیکشن میں پہلی مرتبہ حصہ لیا تھا اور کامیابی حاصل کی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بی جے پی کی رکن لوک سبھا کنگنا رناوت کے انتخاب کو بھارتی ریاست ہماچل پردیش کی ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے جس کے بعد عدالت نے انہیں نوٹس بھی بھیج دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہماچل پردیش کے ضلع کنور کے رہائشی آزاد امیدوار لایک رام نیگی نے کنگنا رناوت کے خلاف پٹیشن دائر کی ہے۔

آزاد امیدوار نے درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ مقررہ معیار کو پورا کرنے کے باوجود میرے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے تھے ورنہ میں الیکشن جیت جاتا تاہم کنگنا رناوت کا الیکشن منسوخ ہونا چاہیے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق محکمہ جنگلات کے سابق ملازملایک رام نیگی کا کہنا ہے کہ ریٹرننگ افسر کو کاغذات نامزدگی کے ساتھ محکمے کے سرٹیفکیٹ بھی دیے۔

لایک رام نیگی کا کہنا ہے کہ مجھے بجلی، پانی اور ٹیلی فون کے محکموں کی جانب سے ’کوئی واجب الادا سرٹیفکیٹ‘ لانے کے لیے ایک دن کا وقت دیا گیا اور جب یہ بھی جمع کرا دیے تو ریٹرننگ افسر نے انہیں قبول نہیں کیا اور کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کنگنا رناوت نے مندی سے لوک سبھا کی سیٹ پر کانگریس کے امیدوار کو 74،755 ووٹوں سے شکست دی تھی، اداکارہ نے 5 لاکھ 37 ہزار 2 ووٹ حاصل کیے تھے۔