غریبوں کی مدد خاموشی سے اور باوقار انداز میں کرنی چاہیے: شاہ رخ خان

July 25, 2024

بھارتی اداکار شاہ رخ خان ـــ فائل فوٹو

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے غریبوں کی مدد خاموشی اور باوقار انداز میں کرنے پر زور دیا ہے۔

شاہ رخ خان نے2019ء میں لندن کے کالج آف ریگولیشن کی جانب سے انسان دوست شخصیت ہونے پر ملنے والی ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری حاصل کرتے ہوئے تقریب سے جو خطاب کیا وہ دوبارہ سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

اُنہوں نےاعزازی ڈگری وصول کرتے ہوئے کہا کہ میرا یہ عقیدہ ہے کہ غریبوں اور ضرورت مندوں کی مدد خاموشی اور باوقار انداز میں کی جانی چاہیے کیونکہ اگر آپ سب کو بتا کر کسی کی مدد کرتے ہیں تو پھر وہ خیراتی کام بے معنی ہوجاتے ہیں۔

اداکار نے کہا کہ مجھے یہ اعزاز حاصل ہوا ہے کہ میں بطور مشہور شخصیت اپنی حیثیت کو ایسے مقاصد حاصل کرنے کے لیے استعمال کر سکوں جن سے مجھے دلی خوشی محسوس ہوتی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ میں خواتین کو بااختیار بنانے، پسماندہ افراد کی بحالی اور بنیادی انسانی حقوق کے کاموں میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصّہ لیتا ہوں۔

شاہ رخ خان نے کہا کہ میرا یہ پختہ یقین ہے کہ دنیا میں بے شمار لوگوں سے ملنے والی محبت کی وجہ سے آج میں جس مقام پر ہوںتو اس کے بدلے میں مجھے بھی ان لوگوں کے لیے کام کرنا ہے۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان نے میر فاؤنڈیشن کے نام سے اپنی ایک غیر منافع بخش تنظیم بھی قائم کی ہے جو بنیادی طور پر تیزاب حملے کے متاثرہ لوگوں کی مدد کرتی ہے اور اس کے علاوہ اس تنظیم کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانا بھی ہے۔