فلم ’گینگز آف واسے پور‘ کے سیٹ جیسا ماحول اب نہیں ہے: پنکج ترپاٹھی

July 25, 2024

---فائل فوٹو

بالی ووڈ کے معروف، ہردلعزیز اداکار پنکج ترپاٹھی نے 2012ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’گینگز آف واسے پور‘ سے متعلق دلچسپ انکشاف کیا ہے۔

یاد رہے کہ کرائم ڈرامہ سیریز ’گینگز آف واسے پور‘ سینما پر بلاک بسٹر ثابت ہوئی تھی۔

معروف ہدایتکار انوراگ کشیپ کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم میں منوج باجپائی، پنکج ترپاٹھی، نوازالدین صدیقی، ذیشان قادری، ہما قریشی، ریچا چڈھا، راجکمار ہیرانی اور جیدیپ اہلوات نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

حال ہی میں ہندی سینما کے تجربہ کار اداکار پنکج ترپاٹھی نے فلم میں اداکاری اور سیٹ سے اپنی پرانی یادوں کو تازہ کیا ہے۔

’نیوز 18‘ کے ساتھ حالیہ انٹرویو میں اداکار پنکج ترپاٹھی کا کہنا تھا کہ فلم ’گینگز آف واسے پور‘ کے جیسا ماحول اب کہیں نہیں ملتا۔

اداکار پنکج ترپاٹھی نے کہا کہ میں نے اس فلم کی شوٹنگ سے بہت یادیں اکٹھی کر رکھی ہیں، اس فلم کی شوٹنگ یوپی میں سردیوں کے دوران ہوئی تھی۔

انہوں نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ اس فلم میں کام کرنے والے تمام اداکاروں کو تھیٹر کا بھی تجربہ تھا۔

پنکج ترپاٹھی نے کہا کہ آج کے دور میں کسی بھی فلم کے سیٹ پر ایسے ماحول کا تصور نہیں کیا جا سکتا جو میں نے اس فلم کی شوٹنگ کے دوران دیکھا۔

اُن کا کہنا تھا کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران میرے اور زیادہ تر اداکاروں کے پاس وینٹی وین موجود نہیں تھی، فلم کی کاسٹ اور عملہ باہر کرسیوں پر ہی بیٹھ کر گھنٹوں باتیں کرتا تھا، اس طرح ہمارے آپسی رشتے بہت مضبوط ہوئے اور شوٹنگ میں بھی کافی آسانی پیدا ہوئی۔