اغوا کار خاتون نے باتوں میں نعمان اعجاز اور صبا قمرکا بھی ذکر کیا تھا، خلیل الرحمٰن قمر

July 25, 2024

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے نامور رائٹر خلیل الرحمٰن قمر نے انکشاف کیا ہے کہ جس خاتون نے مجھے بلا کر اغوا کیا، اُس نے باتوں کے دوران اداکار نعمان اعجاز اور اداکارہ صبا قمر کا بھی ذکر کیا تھا، اُس نے پوچھا کہ بتاؤ نعمان اعجاز کو گالیاں کیوں دی تھیں۔

پاکستانی اسکرین رائٹر و ہدایتکار خلیل الرحمٰن قمر نے اپنے اغوا کے واقعے کے بعد پہلی بار ڈیجیٹل پلیٹ فارم یوٹیوب پر ایک پوڈ کاسٹ میں انٹرویو دیا ہے۔

42 منٹ اور 58 سیکنڈ پر مبنی اس پوڈ کاسٹ میں خلیل الرحمٰن قمر نے اس موضوع پر کھل کر بات کی، انہوں نے ناصرف ہوشربا انکشافات کیے ہیں بلکہ عوام کی جانب سے ٹرول کیے جانے پر شکوہ بھی کیا ہے۔

خلیل الرحمٰن قمر نے انٹرویو کے دوران کہا ہے کہ ویسے میں کوئی اتنا نمازی پرہیزی نہیں ہوں مگر جس رات میں خاتون سے ملنے گیا تھا اُس رات میں نے نماز ادا کی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ خاتون کے اصرار پر ہی رات گئے ملنے گیا تھا، 12 بجے سے خاتون نے بلانا شروع کیا تھا اور صبح 4 بجے کے بعد میں اُس سے ملنے گیا تھا۔

خلیل الرحمٰن قمر کا مزید کہنا تھا کہ جب میں خاتون کے گھر پہنچا تو وہ گھر میں اکیلی تھیں لیکن میرے پہنچنے کے کچھ لمحوں بعد ہی گھر کی گھنٹی بجی اور خاتون نے مجھے بتایا کہ انہوں نے پارسل منگوایا تھا۔

خلیل الرحمٰن قمر نے بتایا کہ خاتون نے جیسے ہی دروازہ کھولا تو متعدد افراد گھر کے اندر گھس آئے اور انہوں نے مجھے تشدد کا نشانہ بنایا۔

ڈرامہ ساز خلیل الرحمٰن قمر نے پوڈ کاسٹ کے دوران انکشاف کیا کہ خاتون نے مجھ سے گفتگو کے دوران نعمان اعجاز اور صبا قمر سے متعلق بھی ذکر کیا اور پوچھا کہ میں نے نعمان اعجاز کو گالیاں کیوں دی تھیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ میں آج بھی نعمان اعجاز سے بے حد نفرت کرتا ہوں ایک وقت تھا جب میرے اور نعمان اعجاز کے آپس میں خاندانی تعلقات تھے، میں نعمان اعجاز کو لمبے عرصے سے جانتا ہوں مگر نہ نعمان ایسا ہے اور نہ ہی صبا قمر ایسی ہیں کہ وہ مجھے نقصان پہنچاتیں۔

خلیل الرحمٰن قمر نے کہا ہے کہ میں نعمان اعجاز اور صبا قمر کو بطور بہترین اداکار جانتا اور مانتا ہوں۔

پوڈ کاسٹ کے دوران خلیل الرحمٰن قمر نے عوام سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ سب مجھے ٹرول کر رہے ہیں مگر میں ٹروما میں ہونے کے باوجود کسی کو بد دعا نہیں دے رہا، عوام کو میرا کچھ لحاظ کرنا چاہیے تھا، ایک ایسے فنکار کا لحاظ جس نے اس عوام کو اتنے بہترین ڈرامے دیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھ پر الزام لگایا جاتا ہے کہ میں خواتین کی عزت نہیں کرتا ، میں خواتین سے بڑھ کر اُن کی عزت کرتا ہوں، اتنی عزت کہ خواتین خود بھی اپنی اتنی عزت نہیں کرتیں۔

یاد رہے کہ کچھ دن قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ایک خاتون کی سربراہی میں ایک گینگ نے ہدایتکار خلیل الرحمٰن قمر کو ڈرامہ بنانے کے بہانے بلا کر اغوا کر لیا۔

اغواکاروں نے خلیل الرحمٰن قمر کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا تھا اور ان سے نقدی رقم اور سامان بھی لوٹ لیا تھا۔

خلیل الرحمٰن قمر کو اغوا کیے جانے کے بعد پولیس نے مقدمہ دائر کرتے ہوئے ان کے اغوا میں ملوث مرکزی ملزمہ آمنہ عروج سمیت دیگر افراد کو گرفتار کر لیا تھا، مرکزی ملزمہ تاحال جیل میں ہیں۔