کوئی بھی میری خاطر اپنی زندگی خطرے میں نہ ڈالے، کبریٰ خان

July 25, 2024

--- فائل فوٹو

پاکستانی خوبرو اداکارہ کبریٰ خان نے کہا ہے کہیہ دنیا پہلے سے بھی زیادہ خوفناک ہوگئی ہے، میں یہ کبھی نہیں چاہوں گی کہ کوئی بھی میری خاطر اپنی زندگی خطرے میں ڈالے۔

کبریٰ خان نے لاہور میں موجود اپنے مداحوں سے جلد ملاقات کا اعلان کر دیا۔

انہوں نے یہ اعلان اس وقت کیا جب ان سے ملاقات کی خواہش مند ایک 13 سالہ لڑکی لاکھوں روپے لے کر لاہور سے کراچی پہنچ گئی، جسے بعدازاں پولیس نے بحفاظت بازیاب کروالیا۔

خیال رہے کہ حال ہی میں لاہور سے تعلق رکھنے والی ایک 13 سالہ لڑکی اپنے گھر سے لاکھوں روپے لے کر کبریٰ خان سے ملاقات کے لیے کراچی پہنچ گئی تھی، جسے پولیس نے بحفاظت بازیاب کرکے والدین کے حوالے کر دیا۔

تاہم اب اس خبر پر ردعم ظاہر کرتے ہوئے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر کبریٰ خان نے اسٹوری شیئر کی اور اپنے مداحوں سے درخواست کی ہے کہ اپنی حفاظت کو یقینی بنائیں، کیونکہ سب سے اہم وہی چیز ہے۔

انہوں نے لکھا کہ اس وقت میں لندن میں ہوں، مجھے ابھی معلوم ہوا اور میرے پاس الفاظ نہیں، میں آپ سب کی محبت، پیار اور خلوص کا بہت احترام کرتی ہوں۔

انہوں نے 13 سالہ مداح کے لیے دعا اور نیک تمناؤں کا بھی اظہار کرتے ہوئے لاہور واپس آنے کے بعد تمام مداحوں سے ایک ملاقات رکھنے کا بھی اعلان کیا۔