پیرس اولمپکس کا رنگا رنگ تقریب سے آغاز ہوگیا

July 26, 2024

پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب دریائے سین پر متعقد کی گئی، جس کے ساتھ ہی کھیلوں کے سب سے بڑے ایونٹ کا باضابطہ آغاز ہوگیا۔

تقریب میں اولمپک مشعل کشتی کے ذریعے لائی گئی، فرانس کے پرچم کے رنگوں سے مشعل کا استقبال کیا گیا۔

افتتاحی تقریب میں ایتھلیٹس کے دستوں کی کشتی پر آمد ہوئی، سب سے پہلے یونانی دستہ آیا، امریکن گلوکارہ لیڈی گاگا نے بھی پرفارمنس پیش کی۔

خوبصورت مناظر کے ساتھ دل کو چھو لینے والی میوزک کی جھنکار کے ساتھ مشہور زمانہ فلم ٹائٹینک کا ٹائٹل سونگ گانے والی سیلائن ڈیئون نے بھی آواز کا جادو جگایا، 3 ہزار کے لگ بھگ فنکاروں نے پرفارم کیا۔

تاریخ کے سب سے زیادہ ہائی رسک قرار دیے جانے والے گیمز کی سیکیورٹی کے لیے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے سربراہ تھامس باخ کا کہنا ہے کہ پیرس اولمپکس کی تیاریوں کے ساتھ دنیا پیرس کی منفرد دلکشی سے حیران رہ جائے گی جو ایک صدی کے بعد دوبارہ اولمپکس کی میزبانی کر رہا ہے۔

تقریب میں 206 ممالک کے 6,800 کھلاڑی اور تقریباً 120 سربراہان مملکت و حکومتی نمائندے شریک ہوئے۔

فوٹو: بشکریہ اولمپک ویب سائٹ

اس بار تقریب ایک بند اسٹیڈیم کے بجائے پیرس کے دریائے سین پر پانی کی پریڈ کے ساتھ منعقد کی گئی۔

تقریب میں ہر ملک کے کھلاڑی نے اپنے قومی یا علاقائی جھنڈوں کے ساتھ شرکت کی، یونان کی ٹیم نے سب سے پہلے پریڈ کی، جبکہ میزبان ملک فرانس نے سب سے آخر میں پریڈ کی۔

افتتاحی تقریب میں اولمپک اینتھم بجایا گیا اور میزبان ملک کے سربراہ نے اولمپکس کے آغاز کا اعلان کیا۔

پیرس اس سال 26 جولائی سے 11 اگست تک سمر اولمپکس کی میزبانی کر رہا ہے، اس دوران 32 مختلف کھیلوں کے 329 ایونٹس منعقد ہوں گے۔

اولمپکس میں شرکت کیلئے فلسطینی دستہ پیرس پہنچا توایئرپورٹ پر سپورٹرز نے ان کا شاندار استقبال کیا۔

فلسطین کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے گئے، 8 ایتھلیٹس پر مشتمل فلسطینی دستہ گیمز میں شرکت کرے گا۔