بجلی اصلاحات

July 27, 2024

بجلی کے ترسیلی نظام میں نقائص، تقسیم کار کمپنیوں کی عوام دشمن شرائط، چوری، لوڈشیڈنگ، مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں اور اوور بلنگ نے صارفین کا جینا محال کر دیا ہے۔ پچھلے چار ماہ میں ملک بھر میں ایک ارب دس کروڑ سے زائد یونٹس کی اوور بلنگ ہوئی جس سے گھریلو صارفین اور سرکاری دفاتر کو اضافی چالیس ارب 80کروڑ روپے ناحق ادا کرنے پڑے۔ اوور بلنگ کے ظلم میں ملوث عناصر کے خلاف 82 انکوائریاں اور 32 مقدمات درج کئے گئے۔ 48 ہزار 137 میٹرز کی چیکنگ کی گئی جس کے نتیجے میں827 کنکشنز میں اوور بلنگ پکڑی گئی۔ ادھر حکومت نیپرا کے مطالبے پر مسلسل بجلی کے نرخوں میں اضافہ کئے جا رہی ہے۔ مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے مزید بری خبر یہ ہے کہ نیپرا 31 جولائی کو بجلی کی قیمت میں دو روپے 63 پیسے اضافہ کرنے کی ایک درخواست کی سماعت کر رہی ہے جس کا منظور ہونا یقینی ہے۔ اس پس منظر میں وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے بجلی کے شعبے میں اصلاحات کا مژدہ ایک اچھی خبر ہے۔ خیبر پختونخوا کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو کے دوران انہوں نے منتخب نمائندوں پر بجلی کی چوری روکنے کیلئے معاونت کرنے پر زور دیا اور کہا کہ حکومت بجلی کے شعبے میں اصلاحات اور زرعی ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ شمسی توانائی سے درآمدی ایندھن کی مد میں اربوں ڈالر کی بچت ہو گی اور زیر کاشت رقبے میں بھی اضافہ ہو گا۔ انہوں نے ارکان اسمبلی سے کہاکہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں ترجیحی بنیادوں پر خاص طور پر بجلی کے معاملے میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے محنت کریں کیونکہ ملک اس وقت سنگین معاشی عدم استحکام کا شکار ہے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998