سالانہ ختم نبوت کانفرنس 28 جولائی کو سینٹرل مسجد برمنگھم میں ہوگی

July 27, 2024

برمنگھم( آصف محمود براہٹلوی)عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام 39ویں سالانہ ختم نبوت کانفرنس 28جولائی بروز اتوار صبح 11بجے سے شام 7بجے تک سینٹرل مسجد بلگریو روڈ برمنگھم میں منعقد ہوگی ۔کانفرنس کی صدارت خواجہ خلیل احمد سرپرست عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کریں گے ۔کانفرنس کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں کانفرنس میں شرکت کیلئے علما کی آمد جاری ہے ۔ مقررین میں مولانا عبدالرشید ربانی، لالہ عزیزاحمد، مولانا عفان منصورپوری، مفتی محمود الحسن، مفتی فخر الدین اشرفی ، ڈاکٹر اخترالزمان غوری، شیخ ظہیر احمد، مولانا امدادالحسن نعمانی، مولانا امداداللہ قاسمی، مولانا ضیا المحسن طیب، مولانا طارق مسعود، مولانا شاہد حسین، مولانا محمد قاسم ،مفتی خالد محمود کے علاوہ مشائح عظام، مذہبی وسیاسی شخصیات ،ایم پیز اور دیگر رہنما خطاب کریں گے ۔ ختم نبوت کانفرنس کی میڈیا ٹیم کے کوار ڈینیٹر مولانا ضیا المحسن طیب نے کہا کہ علما کرام برطانیہ بھر کی مساجد کا دورہ کرکے ائمہ مساجد اور مصلیین کو ختم نبوت کانفرنس میں شرکت کی دعوت دے رہے ہیں ۔کانفرنس کیلئےبرطانیہ کے تمام شہروں سے کوچز بک کروالی گئی ہیں، لندن سے لے کر گلاسگو تک عاشقان مصطفیﷺ کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔ مولانا ضیا المحسن طیب نے کہا کہ ختم نبوت کا تحفظ آج کے دور کا اہم مسئلہ ہے ۔