خان یونس کا ’’فیلڈ ہسپتال“

July 27, 2024

ہاائیڈپارک … وجاہت علی خان
یہ 2019 تھا، کورونا وبا آنے سے کوئی دو ماہ پہلے برطانیہ کی این جی او “المصطفی ویلفیئر ٹرسٹ” جو فلسطین کے مختلف علاقوں بشمول غزہ اور خان یونس میں فوڈ اور صحت کے سیکٹر میں کام کر رہی تھی کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے مجھ سمیت چند صحافیوں کے ہمراہ فلسطین جانے کا ارادہ کیا اگرچہ ہر کسی کے لئے براہ راست فلسطین کا سفر اُس وقت بھی ناممکن نظر آتا تھا لیکن مصمم ارادے اور بعض خصوصی اجازت ناموں کی مدد سے یہ مرحلہ مکمل ہو سکا۔ ہم یوروشلم میں مسجد اقصی سے ہوتے ہوئے بذریعہ سڑک فلسطین پہنچے تھے، غزہ میں موجود “المصطفی” کی مقامی ٹیم کے سربراہ نے ہمیں انتہائی خونچکاں واقعات بتائے لیکن انہیں گزشتہ دس ماہ سے غزہ میں ہونے والی خونریزی و بربریت سے قطعی تشبیہ نہیں دی جا سکتی اس دلخراش صورتحال کو لفظوں میں بیان کرنا بھی مشکل تر ہے۔ چند روز قبل لندن میں “المصطفی ویلفیئر ٹرسٹ” کے زیر اہتمام ایک تقریب میں بتایا گیا کہ انتہائی ناگفتہ بہ حالات میں بھی یہ تنظیم جذبۂ خدمت انسانی کے تحت لاکھوں پاؤنڈ مالیت کی امداد غزہ سمیت دیگر فلسطینی علاقوں میں پہنچانے میں کامیاب رہی ہے اور ابھی حال ہی میں “المصطفی” کے تحت خان یونس کے علاقہ میں مکمل طور پر طبی آلات و سہولتوں سمیت ایک فیلڈ ہسپتال قائم کر دیا گیا ہے جہاں 500 مریضوں کے علاج معالجہ کی سہولت موجود ہو گی ! “المصطفی ویلفیئر ٹرسٹ” کے چیئرمین اور سٹاف کے دیگر ارکان کے مطابق“المصطفی ویلفیئر ٹرسٹ” نے جنوبی غزہ کے علاقہ خان یونس میں فیلڈ ہسپتال قائم کر دیا ہے، غزہ جہاں گزشتہ تقریبا دس مہینے سے جنگ جاری ہے جس میں آج تک 40 ہزار لوگ مارے جا چکے ہیں ان میں 15 ہزار سے زیادہ بچے بھی شامل ہیں، “المصطفی ویلفئیر ٹرسٹ” یوں تو کئی سال سے غزہ کے لوگوں کی مدد صحت اور غذائی ضروریات کے ضمن میں کر رہا ہے لیکن حالیہ جنگ کی شروعات سے ان امدادی کاموں میں تیزی لائی گئی ہے، غزہ جہاں ہر قسم کا انفراسٹرکچر اور ہسپتال تک تباہ ہوچکے ہیں وہاں “المصطفی” کی جانب سے “خان یونس فیلڈ ہسپتال” 9 جولائی 2024 سے مکمل طور پر کام کر رہا ہے ہسپتال میں ہر قسم کے طبی آلات مہیا کئے گئے ہیں جہاں روزانہ پانچ سو مریضوں تک کے علاج کی سہولت موجود ہے ان سہولیات میں آپریشن تھیٹر ، انتہائی نگہداشت کے یونٹ (ICU’s) انکیوبیٹرز اور زچگی کی دیکھ بھال بھی شامل ہے “المصطفی” نے ہسپتال کا یہ منصوبہ “ریڈ کریسنٹ قاہرہ “ اور ریڈ کریسنٹ غزہ کے باہمی تعاون سے مکمل کیا ہے، اس کے علاوہ “المصطفی” کے تعاون سے غزہ کے مختلف علاقوں میں موجود 6 مزید ہسپتالوں کی معاونت بھی کی جا رہی ہے جن میں جنوبی غزہ کا “فیلڈ ہسپتال تل الحوا” فیلڈ ہسپتال خان یونس” ریڈ کریسنٹ فیلڈ ہسپتال خان یونس” فیلڈ ہسپتال نابلس” “ اُردنی سرجیکل سٹیشن رام اللہ” اور “اُردنی سرجیکل سٹیشن جینین شامل ہیں ، “المصطفی “ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد کے مطابق حالیہ جنگ کے بعد ہم لاکھوں پاؤنڈ مالیت کی امداد غزہ بھجوا چکے ہیں جس میں پینے کا صاف پانی، گرم کپڑے ، گدے، کمبل، خیمے، حفظان صحت کی کٹس بھی شامل ہیں اُنہوں نے کہا انسانی خدمات کے ان تمام کاموں میں ہمیں اپنے ڈونرز کا مالی تعاون اور اعتماد حاصل رہا ہے اس تعاون کے ساتھ ساتھ ہمیں لندن اور غزہ میں اپنی ٹیم اور “ریڈ کریسنٹ قاہرہ اور غزہ ریڈ کریسنٹ کا تعاون بھی حاصل ہے جس وجہ سے ہم اس قابل ہوئے کہ ابھی تک ہم صرف غذائی ضروریات کی مد میں 285000 افراد کو فوڈ پیک اور طبی امداد کی مد میں 47000 افراد کو ضروری طبی سامان مہیا کر چکے ہیں ، انہوں نے کہا میں خود اپنی ٹیم کے ہمراہ کئی دفعہ قاہرہ اور غزہ بارڈر تک امدادی ٹرکوں کے زریعہ امداد پہنچا چکے ہیں- کیونکہ ذاتی طور پر مجھے خود بھی “المصطفی ویلفئیر ٹرسٹ” کے ساتھ فلسطین ، اُردن اور مصر کے سرحدی علاقوں میں جانے ،فلسطین کے حالات کو اپنی آنکھوں اور قریب سے مشاہدہ کرنے کا کئی بار موقع ملا ہے اس لئے میں جانتا ہوں کہ یہ چیریٹی تنظیم جسے اقوام متحدہ کی ایک ذَیلی تنظیم “انروا” اور قاہرہ وغزہ کی ہلال احمر کا تعاون حاصل ہے اور انہی اداروں سے معاہدوں کی وجہ سے “المصطفی” اس قابل ہے کہ وُہ کھانے پینے کی بنیادی اشیا سمیت سرجیکل آلات اور کپڑے وغیرہ غزہ بھجوا سکے۔ برطانیہ سمیت دیگر ممالک کی حکومتیں بھی ایسی این جی او کو سراہتی اور خراج تحسین پیش کرتی ہیں جو بنیادی طور پر ریاستوں کا کام آسان کر رہی ہوتی ہیں کیونکہ انسانی بھلائی کے کاموں اور قدرتی آفات کی صورت میں ایسی تنظیمیں ہراول کا کردار ادا کرتی ہیں “المصطفی” کی طرف سے خان یونس میں قائم کیا گیا فیلڈ ہسپتال بھی اس کی ایک مثال ہے ۔