تین اولمپکس گیمز کی میزبانی کرنے والا پیرس دوسرا شہر بن گیا

July 27, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پیرس تین بار اولمپکس کی میزبانی کرنے والا دوسرا شہر بن گیا،پیرس میں آخری بار1924میں اولمپکس گیمز ہوئے تھے، پہلی بار وہ1900کے مقابلوں کا میزبان تھا، اس سے قبل لندن نے 1908، 1948 اور 2012 میں میزبانی کی تھی،رواں گیمزپہلا اولمپکس ہوگا جس میں مرد اور خواتین ایتھلیٹس کی تعداد برابر ہوگی، 10 ہزار 500 کھلاڑیوں میں سے 5 ہزار 250 مرد اور 5ہزار 250ہی خواتین شامل ہیں ۔انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل نے سمر اولمپک گیمز پیرس 2024 کےلیے ایک خصوصی ڈوڈل تیار کیا ہے جو آج سے گوگل کے ہوم پیج پر دکھائی دے رہا ہے،پاکستان نے اولمپکس کھیلوں میں اب تک صرف دس میڈلز حاصل کئے ہیں، ان میں تین گولڈ تین سلور اور دو برانز میڈلز ہاکی میں جیتے ہیں، پاکستان نے 1960 روم 1968 میکسیکو اور 1984 لاس اینجلس اولمپکس گیمز کے ہاکی مقابلوں میں گولڈ میڈل حاصل کئے، ہاکی میں پاکستان نے1956 ملبورن 1964 طوکیو ،1972 میونخ میں سلور میڈلز جبکہ1976مانٹریال اور 1992 بارسلونا میں برانز میڈلز جیتے، پاکستان کی جانب سے ریسلنگ کے73کے جی میں 1960 کے روم اولمپکس میں محمد بشیر نے برانز اور 1988کے سئیول اولمپکس میں باکسنگ کے مڈل ویٹ میں باکسر حسین شاہ نےبرانز میڈل جیتا۔امریکا کو سب سے زیادہ 1061 گولڈ 830سلوراور738برانز میڈلز جیتنے کا اعزاز ہے۔1896میں ایتھنز میں پہلے اولمپکس گیمز بغیر خواتین کھلاڑیوں کے ہوئے تھے جس کا امریکا فاتح رہا تھا۔