افغان شہریوں کو شناختی کارڈ جاری کرنے میں ملوث نادرا افسر گرفتار

July 27, 2024

کراچی( اسٹاف رپورٹر )افغان شہریوں کو شناختی کارڈ جاری کرنے میں ملوث نادرا افسر کو گرفتار کر لیا گیا۔ ایف آئی اے اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے افغان شہریوں کو پاکستانی شناختی کارڈ جاری کرنے میں ملوث نادرا آفیسر ندیم علی کو گرفتار کر لیا۔ ایف آئی سے کے مطابق ملزم نے دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے افغان شہریوں کو پاکستانی شناختی کارڈ جاری کئے۔ملزم ندیم علی نادرا میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر تعینات ہے۔ ملزم لانڈھی اسپتال چورنگی میں واقع نادرا آفس واقع میں ڈیوٹی سر انجام دے رہا تھا۔ ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔