لیاری، غیر قانونی ٹریول ایجنسی پر چھاپہ، ملزم گرفتار

July 27, 2024

کراچی( اسٹاف رپورٹر )ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے لیاری میں واقع غیر قانونی ٹریول ایجنسی کے دفتر پر چھاپہ مار کر ملزم کو گرفتار کر لیا۔ محمد یحییٰ نامی ملزم سفر طیبہ نامی ٹریول ایجنسی چلا رہا تھا۔حکام کے مطابق ملزم بغیر کسی قانونی اتھارٹی اور لائسنس کے ٹریول ایجنسی چلا رہا تھا۔ تلاشی کے دوران ملزم کے قبضے سے 6 پاسپورٹس ، متعدد شناختی کارڈ ، لیپ ٹاپ اور دیگر سفری دستاویزات بھی برآمد کی گئیں۔ملزم برآمد ہونے والے پاسپورٹس کے حوالے سے بھی حکام کو مطمئن نہ کر سکا۔ملزم ایئر ٹکٹنگ اور عمرہ بکنگ کے حوالے سے بھی کسی قسم کا لائسنس دینے میں ناکام رہا۔ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔