وزیراعلیٰ سندھ کی بصارت سے محروم طلباء کیلئےاسکول ٹرانسپورٹ کی منظوری

July 27, 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ نے بصارت سے محروم طلباکو گھروں سے اسکول لے جانے اور پھر واپس گھر چھوڑنے کیلئے ٹرانسپورٹ کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو پاکستان ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ سندھ کے وفد نے وزیر اعلیٰ ہاوس میں ان سے ملاقات کی جس میں وزیر اعلیٰ نے 16 ملین روپے کی گرانٹ کے ساتھ نابینا افراد کو انکے گھروں سے اسکول لے جانے اور پھر واپس گھر چھوڑنے کیلئے گاڑیوں کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ نے ایسوسی ایشن کے ممبران سے ملاقات میں کہا کہ ہم مختلف معذور افراد کیلئے سرکاری ملازمتوں میں پانچ فیصد کوٹہ پر عمل درآمد کر رہے ہیں۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف اور سیکرٹری ڈی ای پی ڈی طحہٰ فاروقی نے شرکت کی۔ وفد میں ایسوسی ایشن کے صدر ریاض میمن، سینئر نائب صدر غلام دستگیر، جنرل سیکرٹری سعد نور، سیکرٹری فنانس محسن علی اور دیگر شامل تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری نے انہیں بینائی سے محروم افراد کے تمام مسائل حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔