تحریک انصاف والے بہروپیے ہیں، پاگل ہیں یا کیا ہیں؟ مصدق ملک

July 27, 2024

فائل فوٹو

وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا ہے کہتحریک انصاف والے بہروپیے ہیں، پاگل ہیں یا کیا ہیں؟

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئےمصدق ملک نے کہا کہکپتان نے کہا فوج کو نیوٹرل ہونا چاہیے، چیلوں نے کہا لبیک، پھر کپتان نے کہا کہ نیوٹرل تو جانور ہے، چیلوں نے کہا لبیک، کپتان نے کہا چیف تو باپ ہوتا ہے، چیلوں نے کہا لبیک۔

انہوں نے کہا کہکپتان نے کہا باپ تو میر جعفر ہے، چیلوں نے کہا لبیک، کپتان نے کہا قبر تک پیچھا کریں گے، پھر 9 مئی ہو گیا، یہ دیوانے ہیں، پاگل ہیں یا بہروپیے ہیں؟

مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا ہے کہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، انہوں نے واضح بیان دیا کہ ملک تباہ کر دیں گے اور وہ کر رہے ہیں، ہم کہتے ہیں دہشت گردی کو ختم کریں، آپ کہتے ہیں آپریشن نہیں ہونے دیں گے، آپ بھی تو بتائیں آپریشن نہیں ہونے دیں گے اور کیا ہونے دیں گے؟ ہم کہتے ہیں بات کریں، آپ کہتے ہیں دھرنا کریں گے۔

مصدق ملک نے کہا کہ ہم کہتے ہیں آئیں، بیٹھیں سلجھائیں، آپ کہتے ہیں ملک گیر پہیہ جام کریں گے، بات کرو، برباد مت کرو، سلجھاؤ، الجھاؤ مت، آج آپ جو ادھم مچا رہے ہیں، وہ آپ اپنے بچوں کے مستقبل کے ساتھ ظلم کر رہے ہیں، ہمیں ہٹانا ہے ہٹا دیں، پیپلز پارٹی کی سپورٹ لے کر کیوں حکومت نہیں بنائی؟ سلجھانا آپ کا مقصد نہیں تھا، الجھانا آپ کا مقصد تھا۔

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم کے ذہن میں تین چیزیں ہیں، ملک سے غربت ختم ہو، ملک میں روزگار فراہم کرنا ہے اور مہنگائی کو ختم کرنا ہے، ہم نے غریب لوگوں کے لیے 600 ارب مختص کیے، بجلی کا بہت بوجھ ہے، وقت کے ساتھ ختم ہوگا، 200 یونٹ تک پروٹیکٹ کریں گے اس سے اوپر خود اپنا بوجھ اٹھائیں، مہنگائی کی مجموعی شرح پچھلے سال 38 فیصد تھی۔

مصدق ملک نے کہا کہ مہنگائی کی شرح میں آہستہ آہستہ کمی آرہی ہے، آئی پی پیز کے معاملے پر متعلقہ وزیر آگاہ کریں گے، گھریلو صارفین کو بجلی کی فراہمی کے لیے ریلیف فراہم کیا گیا۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم نے پی ایس ڈی پی سے پیسے نکال کر 86 فیصد غریبوں کو ریلیف دیا، ملک ایسے ہی چلتا رہا تو برباد ہوجائے گا۔