امبانیز کی پوسٹ ویڈنگ، لندن کے 7 اسٹار ہوٹل نے بھارتی میڈیا کے دعوؤں کی تردید کر دی

July 27, 2024

--- فائل فوٹو

لندن کے 7 اسٹار ہوٹل ’اسٹوک پارک‘ نے آننت امبانی اور رادھیکا کی پوسٹ ویڈنگ سے متعلق بھارتی میڈیا کے دعوؤں کی تردید کر دی۔

خیال رہے کہ جوں ہی امبانیز کی پوسٹ ویڈنگ کے سلسلےمیں 2 ماہ کے لیے لندن کے 7 اسٹار ہوٹل کی بکنگ کا معاملہ سوشل میڈیا کی زینت بنا تو برطانوی صارفین کی جانب ہوٹل انتظامیہ پر خوب تنقید کی گئی۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بکنگھم شائر کے مشہور اسٹوک پارک، لگژری ہوٹل اینڈ گالفنگ اسٹیٹ نے تنقید کے بعد وضاحت پیش کر دی۔

انہوں نے وضاحتی بیان میں کہا کہ اسٹوک پارک میں ہم عام طور پر نجی معاملات پر تبصرہ نہیں کرتے ہیں، لیکن میڈیا کی حالیہ قیاس آرائیوں کی روشنی میں اور درستگی کے مفاد میں، ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اس موسم گرما میں اسٹیٹ میں کسی بھی شادی کی کوئی بھی تقریبات منعقد نہیں ہو رہی ہیں۔

انہوں نے اپنے بیان میں مزید لکھا کہ ہمیشہ کی طرح، ہم ایک عالمی معیار کے ہوٹل اور گولف کورس کے طور پر اسٹیٹ کے لیے اپنے مستقبل کے وژن کے حوالے سے پُرعزم ہیں اور اس کی فراہمی کے لیے اپنے اسٹیک ہولڈرز اور مقامی کمیونٹی کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔

یاد رہے کہ آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کا سلسلہ رواں سال یکم مارچ سے شروع ہوا تھا۔

پھر یہ جوڑا 12 جولائی کو شادی کے بندھن میں بندھا، شادی کی مرکزی تقریبات 14 جولائی تک جاری رہیں اور اب شادی کے بعد بھی لندن میں خاص تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیوک آف سسیکس شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل بھی پوسٹ ویڈنگ میں شرکت کے لیے جلد برطانیہ واپس آرہے ہیں، جس کے بعد بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جانے لگا کہ پوسٹ ویڈنگ کی تقریب اسٹوک پارک میں منعقد کی جائے گی۔