آصف علی زرداری نے شہید بھٹو اور شہید بی بی کے مشن کو آگے بڑھایا، وقار مہدی

July 28, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی و پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری سابق سینیٹر وقار مہدی نے کہا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کا غیر متزلزل عزم، حوصلہ اور قیادت قوم کے لیے امید و طاقت کی کرن ہے، مردِ حر کا سیاسی سفر جمہوری اصولوں، انصاف اور پسماندہ افراد کی بہتری کے لیے ان کے عزم کا ثبوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں صدرِ آصف علی زرداری کی سالگرہ کا کیک کاٹنے کے موقعے پر صدر مملکت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کیا۔ وقار مہدی نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کو ان کی سالگرہ کی مبارک باد پیش کر تا ہوں۔ آج اس پرمسرت موقع پر میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، بی بی بختاور بھٹو زرداری، بی بی آصفہ بھٹو زرداری اور محترمہ فریال تالپور کو بھی صدر آصف علی زرداری کی سالگرہ کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے پی پی پی سندھ کی جانب سے تمام جیالوں کو بھی صدر آصف علی زرداری کی 69 ویں سالگرہ کی مبارک باد پیش کی۔ وقار مہدی نے صدر آصف علی زرداری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مردِ حر بے شمار چیلنجز کا سامنا کرنے اور قربانیوں کے باوجود جمہوریت کو برقرار رکھنے اور عوام کی خدمت کے مشن پر کاربند ہیں۔