طلاق کا جشن، امریکا میں مقیم پاکستانی خاتون اپنی طلاق پر خوشی سے نہال

July 28, 2024

کراچی (رفیق مانگٹ ) امریکا میں مقیم ایک پاکستانی خاتون نے اپنی طلاق کا جشن منانے کے لئے ایک پارٹی کا انعقاد کیا۔کچھ صارفین نے تعلقات ختم کرنے پر اس کی تعریف ، کچھ نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔

اسٹور کی مالک خاتون نے اپنی علیحدگی کی وجہ نہیں بتائی۔ویڈیو میں خاتون کو جامنی رنگ کے لہینگا میں بالی ووڈ کے گانوں پر خوشی سے رقص کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، دوست خوش ہو رہے ہیں اور اس پر نوٹوں کی بارش کر رہے ہیں۔پس منظر میں’’طلاق مبارک‘‘کے غبارے جشن کے ماحول میں اضافہ کرتے ہیں۔

پاکستانی خاتون نے بھارتی معروف گانوں ’’سونا کتنا سونا ہے ،سونے جیسا تیرا من ‘‘ اور دوسرا گانا’’میں بارش کردوں پیسے کی جو تو ہو جائے میری‘‘ایک اور گانا’’زور کا جھٹکا ہائے زوروں سے لگا،شادی بن گئی عمر قید کی سزا‘‘ پر رقص کیا،انڈین میڈیا،نیوز 18،این ڈی ٹی وی کے مطابق طلاق کےجشن کی ویڈیو پر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر منقسم ردعمل سامنے آیا جس میں طلاق کے بارے میں روایتی خیالات کو چیلنج کیا گیا ۔کچھ صارفین نے تعلقات ختم پر اس کی تعریف ، جب کہ کچھ نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔

ایک صارف نے کہا کہ آج مجھے بخار تھا اور ٹویٹر پر آنے کودل نہیں چاہا، لیکن جب میں نے ٹوئٹر کھولا تو دیکھا کہ یہاں طلاق کی پارٹی چل رہی ہے۔ میں یہ دیکھ کر بہت خوش ہوں۔ سرمایہ داری اور مذہب کے بعد شادی سب سے بڑی برائی ہے۔طلاق مبارک۔

ایک اور صارف نے ریمارکس دیئے،’’تعلقات استوار کرنا مشکل امرجس میں سالوں لگتے ہیں۔ رشتوں کو توڑنا سب سے آسان کام جس میں صرف چند سیکنڈ لگتے ہیں۔ اب طلاق جیسی چیزیں منائی جاتی ہیں اور فیشن کا بیان دیا جاتا ہے۔

ہیش ٹیگ FeminismIsCancer کا استعمال کرتے ہوئے ایک صارف نے جشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا، مسخری سابقہ بیوی اپنی محنت کی کمائی خرچ کر کے طلاق کی پارٹی سے لطف اندوز ہو رہی ہے۔

ایک اور تبصرے میں لکھا گیامجھے ناقد کہو یا کچھ بھی، لیکن مجھے اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آرہا، یہ عورت ناچ رہی ہے اور طلاق کی پارٹی کوطلاق مبارک؟؟؟ کہہ رہی ہے۔اس کرہ ارض پر کیا ہو رہا ہے، جب اسلام ہمیں واضح طور پر بتاتا ہے کہ اللہ سبحانہ وتعالیٰ کے نزدیک یہ سب سے زیادہ ناپسندیدہ حلال عمل ہے۔